رسائی کے لنکس

جان کیری کا نواز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ


امریکی وزیر خارجہ کیری
امریکی وزیر خارجہ کیری

سرکاری میڈیا کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے جان کیری کو افغانستان میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی پاکستانی کوششوں سے آگاہ کیا۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کا ملک افغانستان میں پائیدار امن کے لیے مخلص ہے۔

یہ بات انھوں نے منگل کو دیر گئے امریکہ کے وزیرخارجہ جان کیری سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہی۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق جان کیری نے گزشتہ اتوار کو اٹک میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر تعزیت کے اظہار کے لیے وزیراعظم نواز شریف کو فون کیا تھا اور گفتگو میں بعض دیگر امور پر بھی بات چیت ہوئی۔

اٹک کے گاؤں شادی خان میں ہوئے خودکش بم دھماکے میں پنجاب کے وزیرداخلہ شجاع خانزادہ سمیت 18 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعاون کے فروغ پر زور دیا۔

وزیراعظم نے جان کیری کو افغانستان میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی پاکستانی کوششوں سے آگاہ کیا۔

پاکستان نے گزشتہ ماہ کے اوائل میں افغان حکومت اور طالبان کے نمائندوں کے درمیان پہلی براہ راست ملاقات کی میزبانی کی تھی اور جنگ سے تباہ حال ملک کے لیے اس سلسلے کو امریکہ سمیت بین الاقوامی برادری نے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا تھا۔

فریقین میں ملاقات کا دوسرا دور جولائی کے اواخر میں پاکستان میں ہونا تھا لیکن طالبان کے امیر ملا عمر کی وفات کی خبریں منظر عام پر آنے کے بعد اسے موخر کر دیا گیا۔

حالیہ دنوں میں طالبان کی طرف افغانستان میں متعدد ہلاکت خیز حملے ہوئے جس کے بعد افغان قیادت نے ایک بار پھر پاکستان سے متعلق درشت لہجہ اپناتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر طالبان کی پناہ گاہوں کے خلاف کارروائی کرے۔

پاکستانی فوج نے افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں گزشتہ سال بھرپور کارروائیاں شروع کی تھیں جن میں 2800 سے زائد ملکی و غیر ملکی عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

اسلام آباد یہ کہتا ہے کہ وہ یہ کارروائیاں بغیر کسی تفریق کے تمام دہشت گردوں کے خلاف کر رہا ہے اور وہ اپنی سرزمین کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق جان کیری کی وزیراعظم سے ہونے والی ٹیلی فون گفتگو میں امریکی عہدیدار نے دہشت گردوں کے خلاف جاری پاکستانی کوششوں کو بھی سراہا۔

XS
SM
MD
LG