رسائی کے لنکس

امریکی نائب صدر کا غزہ میں 'فوری جنگ بندی' پر زور


امریکہ کی نائب صدر کاملا ہیرس نے غزہ میں "فوری جنگ بندی" کا مطالبہ کرتے ہوئے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی بنیادوں پر امداد کی ترسیل کے لیے اقدامات کرے۔

کاملا ہیرس کی یہ اپیل صدر جو بائیڈن کی حکومت کی جانب سے جنگ کو روکنے کے لیے اب تک کی سب سے مضبوط اپیلوں میں سے ایک ہے۔

اتوار کو ریاست الاباما کے شہر سیلما میں میجر سول رائٹس اینیورسری کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کاملا ہیرس نے تالیوں کی بلند ہوتی ہوئی آواز کے دوران کہا کہ "غزہ میں مصائب کے بے تحاشہ پیمانے کو دیکھتے ہوئے وہاں فوری جنگ بندی ہونی چاہیے۔"

امریکہ کی حکومت اس وقت مصر اور قطر کے ساتھ مل کر حماس کے زیرِ حراست یرغمالوں کی واپسی اور غزہ میں امداد کے حصول کے لیے لڑائی میں چھ ہفتوں کے وقفے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ خبر دار کرچکی ہے کہ غزہ کے محصور علاقے میں قحط پڑ رہا ہے۔

امریکی نائب صدر نے یہ خطاب ایڈمنڈ پیٹس برج پر کیا جہاں 59 سال قبل ریاستی فوجیوں نے امریکی شہری حقوق کے لیے مارچ کرنے والوں کو مارا پیٹا تھا۔ اس دن کو خونی اتوار کے نام سے جانا جاتا ہے۔

کاملا ہیرس نے کہا کہ غزہ میں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔ حالات غیر انسانی ہیں اور ہماری مشترکہ انسانیت ہمیں عمل کرنے پر مجبور کرتی ہے۔

ان کے بقول اسرائیلی حکومت کو امداد کے بہاؤ کو بڑھانے کے لیے مزید کچھ کرنا چاہیے اور اس کے لیے کوئی بہانہ نہیں ہونا چاہیے۔

کاملا ہیرس نے سیلما میں ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ "اسرائیل کے لوگوں کو حماس سے جو خطرہ لاحق ہے اسے ختم کرنا چاہیے۔"

خیال رہے کہ ہفتے کو روز امریکہ اور اردن کی فضائیہ نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران غزہ کی ساحلی پٹی پر پیرا شوٹ کے ذریعے امداد بھیجی تھی۔

ایک سینئر امریکی اہلکار کے مطابق فضا سے گرائی جانے والی خوراک غزہ میں انسانی امداد کو بڑھانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ "مستقل کوششوں" کا حصہ ہو گی۔

انسانی ہمدردی کے کارکن فضا کے ذریعے خوراک کی تقسیم کو آخری حربے کے طور پر استعمال کرتے ہیں کیوں کہ یہ ایک مہنگا اور پیچیدہ آپریشن ہوتا ہے۔ اس طریقے سے ٹرکوں کے مقابلے میں کم امداد پہنچائی جا سکتی ہے۔

امریکی نائب صدر کی یہ اپیل پیر کو وائٹ ہاؤس میں اسرائیل کی جنگی کابینہ کے رکن بینی گینٹز کے ساتھ ممکنہ ملاقات سے قبل سامنے آئی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے کہا کہ توقع ہے کہ بینی گینٹز کے ساتھ مذاکرات میں فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں، عارضی جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کے ساتھ ساتھ انکلیو میں امداد میں اضافے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

عہدیدار کے مطابق "نائب صدر رفح میں تقریباً 15 لاکھ لوگوں کی حفاظت پر اپنی تشویش کا اظہار کریں گی۔"

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو "حماس کے مسلسل دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔"

ایک بیان میں گینٹز نے تصدیق کی کہ وہ ہیرس کے ساتھ ساتھ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان اور کانگریس کے ری پبلکن اور ڈیموکریٹک ارکان سے ملاقات کریں گے۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں اداروں 'ایسوسی ایٹڈ پریس'، 'رائٹرز' اور 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG