رسائی کے لنکس

پاکستان میں غیر آئینی تبدیلی کی حمایت نہیں کرتے، امریکہ


امریکی محکمۂ خارجہ کی نائب ترجما میری ہارف نے بدھ کو معمول کی پریس بریفنگ کے دوران پاکستان سے متعلق صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے
امریکی محکمۂ خارجہ کی نائب ترجما میری ہارف نے بدھ کو معمول کی پریس بریفنگ کے دوران پاکستان سے متعلق صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کے جمہوری نظام میں بالائے آئین تبدیلیوں اور ان کی کوشش کرنے والے افراد کو امریکہ کی حمایت حاصل نہیں ہے۔

امریکہ نے واضح کیا ہے کہ میاں محمد نواز شریف پانچ سال کے لیے ملک کے وزیرِاعظم منتخب ہوئے ہیں اور امریکہ ان سے مستعفی ہونے کے مطالبے کی حمایت نہیں کرتا ہے۔

بدھ کو واشنگٹن میں محکمۂ خارجہ کی ترجمان نے معمول کی بریفنگ کے دوران پاکستان سے متعلق سوال پر صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ پاکستان کی صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور وہاں کے موجودہ سیاسی حالات کو "تشویش ناک" قرار نہیں دیا جاسکتا۔

ترجمان نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں آئینی اور انتخابی عمل کی حمایت کرتا ہے جس کے تحت ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں نواز شریف کی حکومت برسرِ اقتدار آئی ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کے جمہوری نظام میں بالائے آئین تبدیلیاں لانے اور ان کی کوشش کرنے والے افراد کو امریکہ کی حمایت حاصل نہیں ہے۔

محکمۂ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے پاکستان میں جاری سیاسی بحران کے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ سمجھتا ہے کہ حالیہ بحران سے پرامن طور پر نکلنے کا راستہ موجود ہے۔

ترجمان نے کہا کہ موجودہ بحران کے باوجود پاکستان میں سیاسی مکالمے کی بہت گنجائش ہے جسے پرامن انداز سے انجام پانا چاہیے۔

محکمۂ خارجہ کی ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتِ حال کے باوجود امریکہ پاکستان کے ساتھ تعاون اور اشتراکِ عمل جاری رکھے گا۔

XS
SM
MD
LG