رسائی کے لنکس

باجوڑ ایجنسی کے لیے امریکہ کی طرف سے امدادی سامان کی فراہمی


باجوڑ ایجنسی کے لیے امریکہ کی طرف سے امدادی سامان کی فراہمی
باجوڑ ایجنسی کے لیے امریکہ کی طرف سے امدادی سامان کی فراہمی

امریکی قونصل جنرل کینڈیس پٹنم نے جمعے کے روز انسانی ہمددری پر مبنی امدادی سازو سامان کی ایک بڑی کھیپ باجوڑ کے پولٹیکل ایجنٹ کے حوالے کی ہے ۔ امریکی سفارت خانے سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ امدادفاٹا سیکریٹریٹ کی جانب سے ہنگامی درخواست پر فراہم کی گئی ہے۔

فاٹاسیکریٹریٹ کے چیف ایڈیشنل سیکریٹری حبیب اللہ خان کے مطابق امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی طرف سے فراہم کیے جانے والے سامان میں گدے، رضائیاں ، کھانے پکانے کے آلات اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔ بیان کے مطابق یہ امدادی سامان موسم سرما کے دوران باجوڑ ایجنسی کے لگ بھگ 10 ہزار لوگوں کے لیے مشکلات سے فوری نجات کا سبب بنے گا۔

امریکی قونصل جنرل نے اس موقع پر کہا کہ یہ امداد پاکستان کے ساتھ امریکہ کے اشتراک کی تازہ ترین مثال ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ فاٹا سیکریٹریٹ کے اشترک سے امریکہ نے ایسے گودام بنائے جن سے بے گھر ہونے والے افراد کو فوری طور پر امدادی سامان کی فراہمی کی جاسکتی ہے۔

بیان کے مطابق یوایس ایڈ نے فاٹا سیکریٹر یٹ کے ساتھ جنوبی وزیرستان سے ڈیرہ اسماعیل خان ، اور کرزئی ایجنسی اور ٹانک سے ہنگو منتقل ہونے والے بے گھر خاندانوں میں 8300 خیمے اور دیگر سامان کی پانچ ہزار سے زائد کٹس تقسیم کرنے کے لیے کام کیا ہے۔

قبائلی علاقوں میں بنیادی ڈھانچہ، صحت عامہ، تعلیم ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور دیگر منصوبوں کے لیے آئندہ پانچ سالوں میں یوایس ایڈ نے 63 ارب روپے سے زائد فراہم کرنے کا عہد کیا ہے۔ امریکی وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں سرحدی سلامتی ، سویلین قانون کے نفاذ اور انسداد منشیات کے منصوبوں کے لیے تربیت ، ضروری سازوسامان اور بنیادی ڈھانچہ بھی فراہم کررہا ہے۔

XS
SM
MD
LG