رسائی کے لنکس

صبح اٹھ کر اپنا فون نہ دیکھیے، دن اچھا گزرے گا


ایک ریسرچ کے مطابق، جو لوگ صبح صبح اٹھ کر پہلا کام اپنے فون کے نوٹیفیکیشن چیک کرتے ہیں وہ سارا دن ذہنی دباؤ کا شکار رہتے ہیں۔

مارکیٹ پر ریسرچ کرنے والے ادارے ’انٹرنیشنل ڈیٹا کارپوریشن‘ کی ایک تحقیق کے مطابق، سمارٹ فون استعمال کرنے والے اسی فیصد لوگ صبح اٹھ کر پہلے پندرہ منٹ میں اپنا فون چیک کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق، گہری نیند سے اٹھ کر ہمیں اپنی سوچیں مجتمع کرنی چاہئیں۔ دن کا آغاز اگر موبائل فون کی نوٹیفیکیشن سے کیا جائے تو فون پر موصول ہونے والے پیغامات، کام سے متعلق ای میلز اور سوشل میڈیا کے نوٹیفیکیشن ہمارے دن کا رخ متعین کرتے ہیں۔ ایسے میں کام سے پہلے ہی فرد کام کے دباؤ کا شکار ہو جاتا ہے جس سے سٹریس، اینگزائٹی اور ڈیپریشن بڑھنے کا خدشہ رہتا ہے۔

کینیڈا کی یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا کی ایک تحقیق کے مطابق جس تواتر سے کام سے متعلق ای میلز کو بار بار چیک کیا جائے گا اسی قدر ذہن پر دباؤ زیادہ پڑے گا۔

بزنس انسائڈر کی ایک رپورٹ کے مطابق صبح کا آغاز اگر سوشل میڈیا کی نوٹیفیکیشنز سے کیا جائے تو وہ پیغامات ہمارے دن کی راہ متعین کرتے ہیں اور ہم صبح سے محظوظ ہونے سے محروم رہ جاتے ہیں۔

گوگل کے سابقہ ڈیزائن ایتھیسسٹ ٹریسٹن ہیرس کے مطابق جب آپ صبح کا آغاز موبائل نوٹیفیکیشنز سے کرتے ہیں تو پہلا خیال آپ کے ذہن میں جاگنے کے بعد یہ آتا ہے کہ آپ دوران نیند کس کس چیز سے محروم رہ گئے ہیں۔ اس سے آپ کا سارے دن خراب رہتا ہے۔

یہی بات 'Never Check Email In The Morning'

کی مصنفہ جولی مارگنسٹرن بھی کہتی ہیں۔ ہفنگٹن پوسٹ کی ایلکس کلین مین سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آپ اپنے دن کی شروعات ای میلز کے جواب دینے سے کرتے ہیں تو آپ کا دن ہاتھ سے گیا۔

انہوں نے کہا کہ ای میلز میں آنے والے مسائل اور پریشانیاں کبھی ختم نہیں ہوتیں۔ آپ اس کے بارے میں کچھ بھی نہیں کر سکتے۔ یہ سب اگلے ایک گھنٹے تک انتظار کر سکتے ہیں۔

بلاگر سد سوارنا لکھتی ہیں کہ ای میلز آپ کی توجہ اس کام سے جو آپ کرنا چاہتے ہیں سے پھیر کر اپنی طرف لے جاتی ہے۔ اگر آپ کوئی اہم کام کر رہے ہیں تو مناسب ہے کہ اسے مکمل کریں۔

مگر اٹھتے ساتھ ہی سمارٹ فون دیکھنے کے صرف نقصانات ہی نہیں ہیں۔ سمارٹ فون کی سکرین میں لگی ایل ای ڈیز میں سے نکلتی نیلے رنگ کی شعاعیں ہمارے دماغ کو مکمل طور پر جاگنے میں مدد دیتی ہیں۔

جرنل آف نیورل ٹرانسمیشن کے مطابق نیلے رنگ کی شعاعیں دماغ کے سوچنے سمجھنے کے عمل کے لیے مفید ہوتی ہیں۔

ٹریسٹن ہیرس کا کہنا ہے کہ صبح کا آغاز فون کو دیکھنے کی بجائے ایسے کام سے کیجئے جس کی آپ کو فوری ضرورت ہے۔

جیسے چائے کا ایک کپ بنانے کی مشق۔

XS
SM
MD
LG