کیمرے کی روشن آنکھوں، ہر سو رونقیں بکھیرتی روشنیوں اور رنگ برنگی گلیمر کی دنیا کو اچانک خیر باد کہہ کر اپنے شوہر کے ساتھ گھر بسا لینے والی اداکارہ وینا ملک ایک مرتبہ پھر شہ سرخیوں میں ہیں اور پاکستان کے مقامی پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا میں ان کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے بحث سی چھڑ گئی ہے۔
ملک کے تمام برقی ذرائع ابلاغ خبر دے رہے ہیں کہ وینا ملک نے اپنے شوہر اسد خٹک سے خلع لے لیا ہے اور اس کے ساتھ ہی دونوں کی راہیں جدا ہو گئی ہیں۔
خلع لینے سے متعلق اطلاعات وینا ملک کے وکیل علی احمد کی جانب سے سامنے آئی ہیں جن کے مطابق چار سال تک ایک دوسرے کے ساتھ ازدواجی زندگی گزارنے والے اسد اور وینا اپنی راہیں جدا کر چکے ہیں۔
وینا ملک کے وکیل کا کہنا ہے کہ وینا ملک کی جانب سے خلع کی درخواست دائر کی گئی تھی جس پر فیملی کورٹ نے یکطرفہ فیصلہ سنایا ہے۔
خلع کے بارے میں وینا اور اسد دونوں کی ہی جانب سے بات کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے تاہم ایک نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ نے اس حوالے سے عدالتی دستاویزات بھی اپنے ناظرین کو دکھائی ہیں۔
وینا ملک کے ایڈووکیٹ کے مطابق وینا ملک نے اپنے شوہر اسد خٹک سے خلع کے لیے لاہور کی فیملی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ فیملی کورٹ کے جج قیصر جمیل گوجر نے درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے 31 جنوری 2017ء کو اداکارہ کے حق میں ڈگری جاری کی ہے۔
میڈیا میں عدالتی ذرئع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اسد خٹک کی عدم پیروی پر عدالت نے یک طرفہ فیصلہ سنایا۔ وینا اور اسد میں کافی عرصے سے ناچاقی کی اطلاعات تھیں اور جبک یہ ناچاقیاں مزید بڑھنے لگیں تو دونوں نے اپنی رضامندی سے خلع کا فیصلہ کیا۔
علی احمد نے میاں بیوی میں کشیدگی اور خلع کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ وینا نے اسد کی وجہ سے اپنا کیریئر عروج کے دنوں میں چھوڑ دیا تھا لیکن اسد کا رویہ وقت گزرنے کے ساتھ تبدیل ہوتا چلا گیا جس کی وجہ سے وینا کو نفسیاتی تشدد کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
وینا ملک نے 25 دسمبر 2013 کو اسد خٹک سے دبئی میں شادی کی تھی۔ ان کے دو بچے ہیں۔
وینا ملک نے میڈیا سے گفتگو کرنے سے معذرت کر لی ہے تاہم اسد خٹک کا کہنا ہے کہ وینا میری بیوی ہے، اس سے بہت پیار کرتا ہوں۔ ہم دونوں کے درمیان معاملات جلد سلجھ جائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وینا اچھی بیوی، اچھی ماں اور اچھی دوست ہے، میاں اور بیوی میں لڑائی جھگڑے ہوتے رہتے ہیں، چاہتاہوں کہ صلح ہو جائے۔
دوسری جانب ان خبروں پر تبصرے میں وینا ملک کے والد کا کہنا ہے کہ دونوں کی سوچ مختلف تھیں اس کے باوجود ہم نے کوشش کی کہ معاملات چلتے رہیں لیکن افسوس ایسا ممکن نہ ہوسکا۔