رسائی کے لنکس

logo-print

کچھ پاکستانی میرے بالی وُوڈ میں کام کرنے سے خوش نہیں، وینا ملک


نئی فلم میں وینا کے ہیرو ہیں اشمیت پٹیل۔۔ وہی اشمیت جن کے وینا کے ساتھ بہت سے ’قصے‘ ماضی میں مشہور ہوئے۔ کچھ قصے دنیا نے بنائے تو کچھ خود وینا نے دنیا کو سنائے۔

پاکستانی نژاد بھارتی فلمی اداکارہ وینا ملک نے کہا ہے کہ، ’بہت سے مخصوص سوچ رکھنے والے اور تنگ نظری کا شکار لوگ میرے فلموں میں کام کرنے سے خوش نہیں ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ہمارے ملک کی لڑکی بالی وُوڈ فلموں میں کام کیوں کررہی ہے؟‘

وینا ملک نے ان خیالات کا اظہار بھارتی میگزین ’انڈیا ٹودے‘ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کیا ہے۔ وینا ملک کی نئی فلم ’سپر ماڈل‘ 27 ستمبر یعنی اگلے ہفتے ریلیز ہوگی۔

اس فلم میں ان کے ہیرو ہیں اشمیت پٹیل۔۔ وہی اشمیت پٹیل جن کے ساتھ وینا ملک کے بہت سے ’قصے‘ بن چکے ہیں۔ کچھ قصے دنیا نے بنائے تو کچھ خود وینا نے دنیا کو سنائے۔ وینا کا کہنا تھا کہ ان کی کیمسٹری سب سے زیادہ اشمیت سے بنتی ہے۔

اشمیت سے ۔۔۔ جذباتی کنکشن
اپنے تازہ ترین انٹرویو میں اشمیت کے بارے میں انہوں نے مزید رائے دی ہے۔ ان کا کہنا ہے، ’میرے اور اشمیت کے درمیان جذباتی کنکشن ہے۔ میں اسے ’ڈیٹنگ‘ نہیں کہوں گی کیوں کہ ڈیٹنگ کا فلسفہ میں خود آج تک نہیں سمجھ پائی۔۔۔ لیکن ہمارے بیچ کچھ ایسا ہے ضرور جس سے انکار نہیں۔ ہمارے درمیان کچھ دن پہلے اختلافات پیدا ہو گئے تھے لیکن ایسے اتار چڑھاؤ ہر رشتے میں آتے جاتے رہتے ہیں۔‘

ناروے کا ارب پتی شیخ اور وینا ملک
نئی فلم کے علاوہ وینا ایک اور حوالے سے بھی خبروں کی زینت بننے جارہی ہیں۔ وہ حوالہ ہے ناروے کے ارب پتی شیخ عمر فاروق ظہور سے جڑے ان کے ’قصے‘۔۔۔جو بھارتی میڈیا میں عام ہوتے جارہے ہیں۔ انٹرویو کے دوران جب ان سے اس بارے میں پوچھا گیا تو وینا کا کہنا تھا کہ، ’میں اس سوال کا کوئی جواب نہیں دوں گی۔‘

سپرماڈل : وینا ملک کی چوتھی فلم
وینا ملک کی ’سپرماڈل‘ چوتھی بھارتی فلم ہوگی جبکہ ایک اور فلم ابھی زیر تکمیل ہے۔ وینا کا کہنا ہے کہ وہ اپنی چوتھی فلم کی ریلیز کی وجہ سے بہت ایکسائٹیڈ ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ، ’جیسا کہ نام سے ظاہر ہے ’سپر ماڈل‘ کی کہانی فیشن انڈسڑی کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ’سپرماڈل‘ بننے کے لئے کتنی محنت اور کیا کچھ کرتے ہیں۔‘

وہ مزید کہتی ہیں کہ، ’فلم میں ایک سپرماڈل کی زندگی میں آنے والے اتار چڑھاؤ کو خوب صورت انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ’سپرماڈل‘ اس موضوع پر بننے والی اب تک کی تمام فلموں سے ہٹ کر ہے۔‘
XS
SM
MD
LG