رسائی کے لنکس

وینزویلا: 'صدر شاویز کی حالت ٹھیک نہیں'


صدر شاویز کے حامی دارالحکومت کاراکاس میں منعقدہ ایک دعائیہ تقریب میں ان کی صحت یابی کی دعا کر رہے ہیں
صدر شاویز کے حامی دارالحکومت کاراکاس میں منعقدہ ایک دعائیہ تقریب میں ان کی صحت یابی کی دعا کر رہے ہیں

صدر شاویز سرطان کے مرض میں مبتلا ہیں جس کے علاج کے لیے ان کا کیوبا میں چوتھا آپریشن 11 دسمبر کو کیا گیا تھا۔

وینزویلا کے نائب صدر نکولاس مدورو نے کہا ہے کہ کیوبا میں سرطان کے آپریشن سے گزرنے والے صدر ہیوگو شاویز کی حالت ٹھیک نہیں اور صدر کو اپنی طبیعت کی خرابی کا بخوبی علم ہے۔

کیوبا کے دارالحکومت ہوانا میں ایک مقامی ٹیلی ویژن چینل 'ٹیلیسر' کو انٹرویو دیتے ہوئے وینزویلا کے نائب صدر نے بتایا کہ صدر شاویز آپریشن کے بعد کی اپنی حالت سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہوں نے اپنی صحت کی صورتِ حال سے عوام کو آگاہ کرنے کی خصوصی ہدایت کی ہے۔

یاد رہے کہ صدر شاویز سرطان کے مرض میں مبتلا ہیں جس کے علاج کے لیے ان کا 11 دسمبر کو کیوبا میں چوتھا آپریشن کیا گیا تھا۔

خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق چھ گھنٹے طویل اور پیچیدہ آپریشن کے بعد ان کے زخموں سے غیر متوقع طور پر خون کا رسائو شروع ہوگیا تھا جس کے بعد انہیں پھیپھڑوں کے انفیکشن سے بھی نبرد آزما ہونا پڑا ہے۔

صدر شاویز نے نائب صدر مدورو کو گزشتہ ماہ ہی اپنا جانشین نامزد کیا تھا جنہوں نے اپنی اہلیہ سیلیا فلوریس کے ہمراہ ہوانا میں زیرِ علاج صدر کی عیادت کی۔

اپنے ٹی وی انٹرویو میں نائب صدر کا کہنا تھا کہ اپنی علالت کے باوجود صدر شاویز نے ان سے ملاقات کے دوران میں ملکی معیشت نومنتخب گورنروں کی حلف برداری کے متعلق سوالات کیے۔

قبل ازیں پیر کو صدرشاویز کے داماد اور وینزویلا کے وزیرِ برائے سائنس نے صدر کی طبعیت کو مستحکم قرار دیتے ہوئے ملک کے عوام پر زور دیا تھا کہ وہ ان کی خرابی صحت کی افواہوں پر کان نہ دھریں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں ہونے والے انتخابات میں عوام کی اکثریت نے ایک بار پھر ہیوگو شاویز کو ملک کا صدر منتخب کیا تھا اور وہ تیسری مدت کے لیے اپنے عہدے کا حلف 10 جنوری کو اٹھائیں گے۔

تاہم ان کی حکمران جماعت 'سوشلسٹ پارٹی' کے عہدیداران نے عندیہ دیا ہے کہ اگر صدر شاویز اس وقت تک وطن واپس نہ لوٹے تو حلف برداری کی تقریب ملتوی کی جاسکتی ہے۔
XS
SM
MD
LG