رسائی کے لنکس

عینک والا جن کی ’بل بتوڑی‘ نصرت آرا انتقال کرگئیں


نصرت آرا (فائل فوٹو)
نصرت آرا (فائل فوٹو)

ماضی میں پاکستان ٹیلی ویژن سے پیش کئے جانے والے بچوں کے مشہور ڈرامہ سیریل ’عینک والا جن‘ میں ’بل بتوڑی‘ کا شہرہ آفاق کردارادا کرنے والی اداکارہ نصرت آرا لاہورمیں انتقال کرگئیں۔

65 سال کی نصرت آرا پر ایک سال قبل فالج کا حملہ ہوا تھا جس کے بعد سے وہ بیمارتھیں۔ طبیعت زیادہ خراب ہونے پرانہیں لاہور کے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی نصرت آرا تیس سال قبل لاہور منتقل ہوگئی تھیں اور وہیں انہوں نے اپنے عروج اور پھرزوال کا دورگزارا۔

پاکستان ٹیلی ویژن سے 90 کے عشرے میں نشرہونے والا ڈرامہ سیریل ’عینک والا جن‘ ایسا سیریل تھا جسے دیکھ کر پوری ایک نسل جوان ہوئی اورآج بھی کوئی بل بتوڑی کونہیں بھولا۔‘‘

زکوٹا جن کے علاوہ جس کردارنے ’عینک والا جن‘ کومقبول اورکلاسک بنانے میں اہم کردار ادا کیا وہ ’ بل بتوڑی‘ نامی چڑیل کا کردار تھا جسے نصرت آرا نے اس خوبی اورمہارت سے ادا کیا کہ لوگ ان کا اصل نام ہی بھول گئے۔

’ بل بتوڑی‘ کا ڈائیلاگ ’بل بتوڑی ناسا چوڑی آدھی میٹھی، آدھی کوڑی‘ زبان زدعام ہوا اورآج تک مقبول ہے۔

وقت بدلا اور’عینک والا جن‘ نشرہونا بند ہوا اورشہرت کا زمانہ ختم ہوا تو نصرت آرا مالی پریشانیوں میں گھرگئیں جوگزرتے وقت کے ساتھ کم ہونے کے بجائے بڑھتی چلی گئیں۔ کسمپرسی کی حالت میں ’بل بتوڑی ‘گلیوں میں بھیک ماننگنے پر بھی مجبور ہوئیں۔

اسی دوران ایک انٹرویو میں نصرت آرا نے کہا تھا کہ "مجھے خودسے شرم آتی ہے۔ میں نے اپنی جوانی پاکستان کے لوگوں میں مسکراہٹیں بکھیرنے اورانہیں خوشیاں فراہم کرنے پرلگا دی لیکن اب ایک وقت کی روٹی کے لئے بھی بھیک مانگنے پرمجبورہوں۔ پچھلے تین سال سے میں اپنے جسم کوحرکت بھی نہیں دے سکتی۔"

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ "کیا یہ ظلم نہیں کہ چارعشرے پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کودینے کے باوجود میرے سر پراپنی چھت نہیں۔ حکومت کواس سلسلے میں اقدامات کرنا چاہئیں۔آرٹسٹ قومی اثاثہ ہوتے ہیں جن کوعزت دی جانی چاہئے"

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب نے بیت المال سے دس لاکھ روپے دئیے جوعلاج اورگھرکا کرایہ دینے میں خرچ ہوگئے۔

XS
SM
MD
LG