رسائی کے لنکس

ویٹرنز ڈے: تعلیم اور دیگر مراعات تک رسائی


صدر اوباما یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھاتے ہوئے
صدر اوباما یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھاتے ہوئے
امریکی ملٹری کے سابق فوجیوں کی ضروریات پوری کرنے کا عہد کرتے ہوئے امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ تعلیم اور طبی سہولیات تک اُن کی رسائی کے کام کو بہتر بنایا جائے گا۔

اتوار کے روز سالانہ’ ویٹرنز ڈے‘ کی تعطیل کے موقع پر مسٹر اوباما نے کہا کہ اُن کی انتظامیہ کالج کی تعلیم مکمل کرنے اور ’اپنے خوابوں کی تکمیل‘ کے سلسلے میں سابق فوجیوں کو مدد فراہم کر رہی ہے۔

واشنگٹن کے قریب آرلنگٹن نیشنل سمیٹری میں ہونے والی ایک تقریب سے خطاب میں اُنھوں نے کہا کہ ویتنام لڑائی میں حصہ لینے والے فوجیوں کے لیے فوائد کا اجرا کیا گیاہے جو ’ایجنٹ اورینج‘ کے اثرات کا نشانہ بنے، جب کھیتوں میں چھپی ہوئی گوریلا فوج کو باہر نکالنے کے لیے امریکی فوج نے کیڑے مارادویات کا اسپرے کیا تھا۔



عراق سےامریکی فوج کے انخلا کے وعدے کو پورا کرنے کے کام کی نشاندہی کرتے ہوئے، مسٹر اوباما نے کہا کہ اس اتوار کومنایا جانے والا سابق فوجیوں کا دِن خصوصی اہمیت کا حامل ہے، جب ایک عشرے کے بعد عراق میں لڑنے اورجانیں دینے والا کوئی بھی امریکی فوجی وہاں موجود نہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ 33000امریکی فوجی افغانستان سے واپس آچکے ہیں، ایسے میں جب اس ملک میں ایک عشرے سے جاری جنگ کے عبوری دورمیں حکومتِ افغانستا ن اپنی ذمہ داریاں سنبھال رہی ہے۔

مسٹر اوباما نے کہا کہ اگلے چند برسوں کےدوران دس لاکھ امریکی فوجی ارکان سولین زندگی گزارنے لگیں گے۔اُنھوں نے کہا کہ امریکہ اُن کی نگہداشت کی مقدس ذمہ داری پوری کرے گا۔
خطاب سے قبل امریکی صدر نے نامعلوم سپاہیوں کی یادگار پر پھولوں کی چار چڑھائی۔

’ویٹرنز ڈے‘ کے موقع پر امریکہ بھر کی برادریاں روایتی تقریبات کا انعقاد کرتی ہیں۔ اِس دِن کی مناسبت سے پیر کو وفاقی دفاتر بند رہیں گے۔

ابتدائی طور پر ’ویٹرینز ڈے ‘ کو ’آرمیٹائس ڈے‘ کہا جاتا تھا جسے پہلی بار 1919ء میں منایا گیا۔ اِس سے ایک برس قبل گیارہویں مہینے کے گیارہویں دن کےصبح ۱۱ بجے جرمنی اور اتحادی اقوام کے درمیان جنگ بندی کا ایک معاہدہ طے پایا تھا۔

برطانیہ نے اتوار کو یادگار دِن کے طور پر منایا، جب مقامی وقت کے مطابق 11بجے صبح ایک لمحے کے لیے خاموشی اختیار کی گئی۔

لندن کے ’سینوٹاف وار میموریل‘ پر منعقد ہونے والی ایک تقریب میں ملکہ الزبیتھ اور شاہی خاندان کے دیگر افراد نے برطانوی کامن ویلتھ ممالک سے تعلق رکھنے والے سابق فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

پیرس میں فرانسیسی صدر فرانسواں ہولان نے فرانس کی جنگ میں حصہ لینے والوں کی یاد میں’ آرک دی ٹرمف ‘ کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھا کر یہ دِن منایا۔
XS
SM
MD
LG