رسائی کے لنکس

امریکہ: پولیس افسر کا سیاہ فام شخص پر تشدد، وڈیو جاری


ویبسٹر پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہ 30 سالہ ڈکرسن اس تشدد سے بیہوش ہوگیا اور اس کا ایک جبڑا ٹوٹ گیا تھا۔

امریکہ میں پولیس کی گاڑی میں نصب وڈیو کیمرے سے ریکارڈ کی گئی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سفید فام پولیس افسر نے مشتبہ سیاہ فام کے چہرے پر لات رسید کی۔

اس پولیس افسر پر رواں ہفتے فرد جرم عائد کر دی گئی۔

اگست 2013ء میں امریکی ریاست ڈیلویئر کے شہر ڈوور میں پولیس کی ریکارڈ کردہ وڈیو کو گزشتہ ہفتے ایک جج نے یہ کہہ کر جاری کرنے کا حکم دیا تھا کہ اسے مزید خفیہ رکھنے کی ضرورت نہیں۔

جج نے یہ فیصلہ مشتبہ شخص کی طرف سے شہری حقوق کے لیے سرگرم امریکن سول لبرٹیز یونین کے دائر کردہ دعوے کی سماعت کرتے ہوئے دیا۔

وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتبہ شخص لطیف ڈکرسن حکم ملنے پر گھٹنوں کے بل بیٹھتا ہے تو پولیس افسر تھامس ویبسٹر اس کے چہرے پر لات رسید کرتا ہے۔

ویبسٹر پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہ 30 سالہ ڈکرسن اس تشدد سے بیہوش ہوگیا اور اس کا ایک جبڑا ٹوٹ گیا تھا۔

پیر کو گرینڈ جیوری نے 41 سالہ پولیس افسر ویبسٹر کو تشدد کے دوسرے درجے کا مرتکب قرار دیا جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔

مارچ 2014ء میں ایک اور جیوری نے ویبسٹر کو قصوروار نہیں ٹھہرایا تھا اور امریکی اٹارنی کے دفتر نے معامالے کو دوبارہ جائزہ لینے کے بعد کہا تھا کہ اس میں ڈکرسن کے شہری حقوق کی خلاف ورزی ثابت نہیں ہوتی۔

XS
SM
MD
LG