رسائی کے لنکس

کوہلی مسلسل تین سنچریاں اسکور کرنے والے پہلے بھارتی بیٹسمین


ایسا لگتا ہے جیسے بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی ریکارڈز بنانے کی عادت پڑگئی ہے۔ ہفتے کو بھی انہوں نے کئی ریکارڈز اپنے نام کرلئے۔

ایک جانب وہ ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں مسلسل تین سنچریاں اسکور کرنے والے پہلے بھارتی بیٹسمین بن گئے تو دوسری جانب نمبر تین پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہوئے 8 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے تیسرے بیٹسمین بھی۔

کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں 107 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے یہ کارنامہ سر انجام دیا۔

ویراٹ کوہلی سے پہلے آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ 12662 اور سری لنکا کے کمار سنگا کارا 9747 رنز بناکر یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر یاک کیلس 7774 رنزکے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

یہی نہیں پہلے میچ میں 140 اور دوسرے میچ میں 157 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہنے والے کوہلی نے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بھی سنچری بنا ڈالی جس کے بعد وہ مسلسل تین سنچریاں اسکور کرنے والے پہلے بھارتی جبکہ دنیا کے نویں بیٹسمین بن گئے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ سیریز مسلسل تین سنچریوں کے بعد ویراٹ کوہلی کو کسی بھی حریف ٹیم کے خلاف لگاتار چار سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا ہے۔ کوہلی نے 2017ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگسٹن میں 111رنز بنائے تھے۔

سب سے زیادہ مسلسل سنچریوں کا ریکارڈ سری لنکا کے کمار سنگاکارا کے پاس ہے ۔ انہوں نے ایک روزہ میچوں میں لگاتار چار سنچریاں بنائی تھیں۔

سیریز کے آغاز میں ویراٹ کوہلی ایک روزہ میچوں میں 10 ہزار رنز بھی مکمل کر چکے ہیں جس میں 38 سنچریاں اور 48 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ ایک روزہ میچوں میں کوہلی کا زیادہ سے زیادہ انفرادی اسکور 183 رنز ہے۔

XS
SM
MD
LG