رسائی کے لنکس

logo-print

ورجینیا میں کوسٹ گارڈ کے دفتر پر فائرنگ


امریکی ریاست ورجینیامیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کےاہلکارکوسٹ گارڈ میں بھرتیوں کی نگرانی کرنے والے ایک دفتر پر کی جانے والی فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔

حکام کے مطابق ورجینیا کے شہر ووڈبرج میں واقع کوسٹ گارڈ کے ریکروٹمنٹ آفس کا عملہ منگل کی صبح ڈیوٹی پر پہنچا تو انہوں نے فائرنگ کے باعث ٹوٹنے والے شیشوں اوردفتر کو پہنچنے والے دیگر نقصان کی اطلاع پولیس کو دی۔ فائرنگ کے واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔

پیر کو رات گئے پیش آنےوالا واقعہ علاقہ میں فوجی تنصیبات پہ فائرنگ کا پانچواں واقعہ ہے۔ اس سے قبل پینٹا گون، ورجینیا کے چنٹیلے نامی قصبے میں واقع میرین میں بھرتیوں کے نگران ایک دفتر اور واشنگٹن ڈی سی سے 50 کلومیٹر دور جنوب میں واقع نیشنل میرین کورمیوزیم پر دو بار نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی جاچکی ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق فائرنگ کے مذکورہ تمام واقعات رات گئے یا پھر علی الصبح پیش آئے جس کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔ ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ پینٹاگون اور میوزیم پر ہونے والی فائرنگ ایک ہی ہتھیار سے کی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG