رسائی کے لنکس

ٹیسٹ رینکنگ میں ویرات سرِ فہرست، کوئی پاکستانی ٹاپ ٹین میں شامل نہیں


بھارت کے کپتان اور پیٹسمین ویراٹ کوہلی۔ فائل فوٹو
بھارت کے کپتان اور پیٹسمین ویراٹ کوہلی۔ فائل فوٹو

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بھارت کو 31 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا، طلسماتی کپتان اور اسٹار بیٹسمین ویراٹ کوہلی نے اس ٹیسٹ میں 149 اور 51 رنز کے ساتھ مجموعی طور پر 200 رنز بنائے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ اُن کی 22 ویں سنچری تھی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے اختتام پر نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی۔ بھارت کے ویراٹ کوہلی رینکنگ میں نئے نمبر ون بیٹسمین بن گئے جبکہ پاکستان کا کوئی بھی بولر یا بیٹسمین ٹاپ ٹین میں جگہ نہیں بنا سکا۔

ویراٹ کوہلی نے ایجبسٹن ٹیسٹ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ سے نمبر ون پوزیشن چھین لی۔

ویراٹ کوہلی اپنے کیئریر کے سب سے زیادہ 934 ریٹنگ پوائنٹس پر ہیں جبکہ اسٹیو اسمتھ اُن سے صرف پانچ پوائنٹس کمی کے ساتھ 929 پوائنٹس پر ہیں۔

واضح رہے کہ مارچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں بال ٹمپرنگ اسکینڈل میں معطلی کے بعد سے اب تک اسٹیو اسمتھ نے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا۔

ویراٹ کے سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس
ویراٹ کوہلی کے یہ اب تک کسی بھی بھارتی بیٹسمین کے مقابلے میں سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ 1979 میں انگلینڈ کے خلاف سنیل گواسکر کے 916 پوائنٹس، 2002ء میں زمبابوے کے خلاف سچن ٹنڈولکر کے 898 پوائنٹس، 2005 میں پاکستان کے خلاف راہول ڈریوڈ کے 892 پوائنٹس جبکہ 2017ء میں سری لنکا کے خلاف سیریز میں چتیشور پجارا کے 888 پوائنٹس تھے۔

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بھارت کو 31 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ طلسماتی کپتان اور اسٹار بیٹسمین ویراٹ کوہلی نے اس ٹیسٹ میں 149 اور 51 رنز کے ساتھ مجموعی طور پر 200 رنز بنائے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ اُن کی 22 ویں سنچری تھی۔

بھارت کی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون ہونے کے باجود ایجبسٹن ٹیسٹ میں 274 اور 162 رنز بنا سکی اور انگلینڈ نے اپنا 1000 واں ٹیسٹ 31 رنز سے جیت کر تاریخ رقم کر دی۔

بیٹسمین رینکنگ کے مطابق بھارت کے ویراٹ کوہلی پہلے، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ دوسرے، انگلینڈ کے جو روٹ تیسرے، نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن چوتھے، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر پانچویں، بھارت کے چتیشور پجارا چھٹے، سری لنکا کے دیموتھ کرونا رتنے ساتویں، سری لنکا ہی کے دنیش چندیمل آٹھویں، جنوبی افریقا کے ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔

بولرز کی ٹیسٹ رینکنگ
بولرز کی ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، جنوبی افریقا کے کاگیسو ربادا دوسرے، بھارت کے رویندرا جدیجا تیسرے، جنوبی افریقا کے ورنن فلینڈر چوتھے، بھارت کے روی چندرن ایشوین پانچویں، آسٹریلیا کے پیٹ کومنز چھٹے، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ ساتویں، سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ آٹھویں، نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر نویں اور آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ دسویں نمبر پر ہیں۔

آل راؤنڈرز میں بنگلا دیش کے شکیب الحسن نے پہلی پوزیشن سنبھال رکھی ہے۔ بھارت کے رویندر جدیجا دوسرے، جنوبی افریقہ کے ورنن فلینڈر تیسرے، بھارت کے روی چندرن ایشوین چوتھے اور ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر پانچویں نمبر پر ہیں۔

ٹیم رینکنگ
ٹیموں کی رینکنگ میں بھارت بدستور پہلے نمبر پر جگہ بنائے ہوئے ہے جبکہ جنوبی افریقا دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، انگلینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے، پاکستان ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلادیش نویں اور زمبابوے دسویں نمبر پر ہے۔

حیران کن طور پر پاکستان کا کوئی بھی بیٹسمین یا بولر ٹاپ ٹین میں جگہ نہیں بنا سکا۔ یٹسمینوں میں اظہر علی پندرہویں اور بولرز میں یاسر شاہ اٹھارہویں پوزیشن پر ہیں۔

XS
SM
MD
LG