رسائی کے لنکس

آتش فشاں سے اُٹھنے والی راکھ سے فضائی پروازوں میں خلل


ُآئس لینڈ میں ایک آتش فشاں سے اُٹھنے والے دھوئیں کے بادلوں نے دوبارہ یورپی ممالک میں فضائی پروازوں کو متاثر کیا ہے اور سول ایوی ایشن کے حکام کے مطابق یہ صورت حال مزید کچھ دن تک جاری رہ سکتی ہے۔ پروازوں کی منسوخی یا ان کے اوقات میں تعطل کے باعث لاکھوں مسافروں کو مشکلا ت کا سامنا ہے۔

یورپین ایئر ٹریفک نیویگیشن کے مطابق آئس لینڈ کے آتش فشاں سے اُٹھنے والی راکھ اور دھوئیں کے بادل جنوبی فرانس، سوئیٹزرلینڈ اور شمالی اٹلی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

اٹلی کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکم پر ملک کے شمالی حصوں میں اتوارکو زیادہ وقت پروازیں منسوخ رہیں۔ سیاحتی شہر وینس کا ائیر پورٹ اب بھی کھلا ہے لیکن کے پیسااور فلورنس کے ائیرپورٹس بند ہیں۔

مسافروں کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ ائیر پورٹس پر جانے سے قبل اپنی پروازوں کی تفصیلات جمع کر لیں۔ عام دنوں میں یورپین ا ئیر ٹریفک کنڑول کے زیراہتمام یومیہ 26 سے 30 ہزار مسافروں کی آمدورفت ہوتی ہے ۔

خیال رہے کہ اپریل کے وسط میں آئس لینڈ کے آتش فشاں پھٹنے سے اُٹھنے والی راکھ سے شمالی یورپی ممالک جن میں برطانیہ ، ناروے ، سویڈن اور ڈنمارک شامل ہیں نے اپنی فضائی حدود کئی روز کے لیے مکمل طور پر بند کردی تھیں کیوں کہ ماہرین کا کہنا تھا کہ آتش فشاں سے اُٹھنے والے دھوئیں کے بادلوں میں ریت ، شیشے اور پتھر کے ذرات کی موجودگی جہازوں کے انجن کو دوران پرواز جام کر سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG