رسائی کے لنکس

فرانس: صدارتی انتخاب میں ووٹنگ مکمل، گنتی جاری


ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد، فرانس کے صدارتی انتخاب میں اب ووٹروں کو نتائج کا انتظار ہے، ایسے میں جب 500 سے زائد ووٹنگ اسٹیشنوں پر گنتی کا کام جاری ہے۔ اس اہم صدارتی انتخاب میں اس بات کا فیصلہ ہوگا آیا فاتح قیادت دائیں یا بازو سے تعلق رکھے گی۔

ابتدائی جائزوں کے مطابق، متعدل خیالات والے امیدوار، امانوئیل میکرون کو برتری حاصل ہے، جس کے بعد قوم پرست اور امی گریشن کے خلاف امیدوار میرین لی پین کو زیادہ ووٹ پڑنے کا امکان ہے۔ جمہوریہ فرانس کی جدید تاریخ میں پہلی بار برتری حاصل کرنے والے امکانی دونوں امیدواروں کا تعلق غیر روایتی جماعتوں سے ہوگا۔

فرانس میں صدارتی انتخاب کے لیے اتوار کو ووٹ ڈالے گئے اور دہشت گردانہ واقعات کے تناظر میں سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔

بیرون ملک مقیم فرانسیسی شہریوں بشمول جنوبی امریکہ، کینیڈا اور امریکہ میں بسنے والوں نے ہفتہ کو اس انتخاب کے سلسلے میں رائے دہی کا اپنا حق استعمال کیا۔

انتخاب کے لیے گیارہ امیدوار میدان میں ہیں لیکن ان میں سرفہرست انتہائی دائیں بازو کی امیدوار مارین لو پین اور سابق وزیر اقتصادیات ایمانیئول مارکون شامل ہیں۔ ان کے بعد قدامت پسند سابق وزیراعظم فرانسواں فیلون اور انتہائی بازو کے امیدوار جان لوک میلنشون کا شمار کیا جا رہا ہے۔

مارکون یورپ اور کاروباری سرگرمیوں کے حامی ہیں جب کہ لو پین تارکین وطن خصوصاً مسلمان ملکوں سے لوگوں کی آمد کو روکنا چاہتی ہیں۔ وہ فرانس کے یورپ یونین سے علیحدہ ہو جانے کی بھی وکالت کرتی آ رہی ہیں۔

کامیاب امیدوار موجودہ صدر فرانسواں اولاند کی جگہ یہ منصب سنبھالے گا جو رواں سال کے اوائل میں یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ آئندہ مدت صدارت کے لیے انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے۔

کامیابی کے لیے کسی بھی امیدوار کو پچاس فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنا ضروری ہیں اور اگر ایسا نہیں ہوتا تو سب سے زیادہ ووٹ لینے والے دو امیدواروں کے درمیان انتخابات کا دوسرا مرحلہ آئندہ ماہ منعقد ہوگا۔

جمعرات کو پیرس کے معروف سیاحتی اور تجارتی مرکز شانزی لیزے میں مسلح شخص کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار کی ہلاکت کے بعد انتخابی مہم کو وقت سے پہلے ہی ختم کر دیا گیا تھا۔

اس حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ انتخاب کے موقع پر پچاس ہزار پولیس اہلکار اور سات ہزار فوجی تعینات کیے گئے ہیں۔

مبصرین یہ کہتے آ رہے ہیں کہ انتخابی مہم کے آخری لمحات میں پیش آنے والا یہ واقعہ انتخابی نتائج پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG