رسائی کے لنکس

پاک بھارت سرحدی محافظوں کے درمیان مٹھائی کا تبادلہ


دونوں ممالک کے درمیان جشن آزادی کے موقع پر مٹھائیاں بانٹنے کا مقصد ایک دوسرے کی خوشی میں شریک ہونا ہے۔

پاکستان رينجرز پنجاب اور بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے سترہویں جشن آزادی کو خوشی میں ایک دوسرے کو مٹھائیاں دیں۔ مٹھائی دینے میں پہل پنجاب رينجرز نے کی۔ جوائنٹ چیک پوسٹ واہگہ پر تعینات پنجاب رينجرز کے ونگ کمانڈر کرنل بلال احمد نے 14اگست 2017 کی صبح پاکستان کے جشن آزادی کی خوشی میں بھارتی بی ایس ایف کو جذبہ خیر سگالی کے تحت مٹھائی پیش کی۔

جس کا جواب بی ایس ایف نے بھی مثبت دیا اور بھارت نے اپنے یوم آزادی والے دن یعنی 15 اگست 2017 کی صبح اٹاری سرحد پر تعینات بی ایس ایف کے ڈی جی کے کے شرما نے اپنے پاکستانی ہم منصب کرنل بلال احمد کو مٹھائی کا تحفہ دیا۔​

​دونوں ممالک کے درمیان جشن آزادی کے موقع پر مٹھائیاں بانٹنے کا مقصد ایک دوسرے کی خوشی میں شریک ہونا ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان واہگہ-اٹاری سرحد پر ہر روز شام کو پرچم اتارنے کی تقریب ہوتی ہے، جس میں دونوں ممالک کے سرحدی محافظ غصے میں ایک دوسرے کو گھورتے ہیں۔

پرچم اتارنے کی اس تقریب کو دیکھنے کے لیے دونوں أطراف سے شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوتی ہے۔

بھارت نے رواں سال ہولی کے موقع پر پاکستان کی جانب سے مٹھائی لینے سے انکار کر دیا تھا اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ سرحد پر کشیدگی کے باعث وہ پاکستان سے مٹھائی نہیں لے سکتا۔

رواں سال بھارتی تہوار ہولی کے موقع پر کشمیر اور سیالکوٹ سیکٹر پر کشیدگی چل رہی تھی اور دونوں أطراف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوتا تھا۔ جس سے دونوں جانب معصوم شہریوں کی جانوں اور ان کی املاک کو نقصان پہنچا تھا۔

XS
SM
MD
LG