رسائی کے لنکس

میکسیکو: جنک فوڈ پر انتباہی لیبل لگانا لازمی قرار


میکسیکو میں موٹاپے کے شکار افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
میکسیکو میں موٹاپے کے شکار افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

میکسیکو کی پارلیمان کے ایوان زیریں نے ایک بل متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے جس کے تحت جنک یا فاسٹ فوڈ مصنوعات پر انتباہ کا لیبل لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ میکسیکو میں موٹاپے کے شکار افراد کی بڑی تعداد موجود ہے اور فاسٹ فوڈ کو وزن میں اضافے کی بڑی وجہ قرار دیا جاتا ہے۔

ایوان زیریں میں منظور کیے گئے بل کے تحت جنک فوڈ بنانے والی کمپنیاں اس بات کی پابند ہوں گی کہ وہ ان اشیا میں موجود غذائیت کی تفصیلات چسپاں کریں۔ لیبل پر درج ہو گا کہ برگر یا پیزے میں کتنا نمک، چکنائی، کیلوریز اور دیگر غذائی اجناس کی مقدار موجود ہے۔

ماہرین کے مطابق قانون سازی کا مقصد صارفین کو اپنی خوراک کی ضروریات اور موٹاپے کے خدشات سے بچنے سے متعلق آگاہی دینا ہے۔

یہ بل ایوان زیریں سے منظوری کے بعد سینیٹ میں پیش ہوگا۔ توقع ہے کہ سینیٹ میں بھی یہ بل آسانی سے پاس ہوجائے گا جس کے بعد صدرلوپز اوبریڈور اس کی توثیق کریں گے۔

ایوان زیریں میں صدر لوپز اوبریڈور کی مورینا پارٹی کے رہنما ماریو ڈیلگاڈو نے بل کی منظوری سے پہلے اپنے ایک بیان میں کہا کہ غذائی صنعت کی سخت مزاحمت کے باوجود ہم نے عوامی فلاح وبہبود کے لیے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکہ کے بعد میکسیکو دنیا کے ان 26 ترقی یافتہ ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں موٹاپے کے شکار افراد کثیر تعداد میں موجود ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ملکی آبادی کا ایک تہائی حصہ موٹاپے کا شکار ہے۔

XS
SM
MD
LG