رسائی کے لنکس

برفانی طوفان امریکہ کے وسط مغربی اور شمال مشرقی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے


امریکہ کے کئی علاقے سرد ہواؤں اور برف باری کی لپیٹ میں ہیں۔
امریکہ کے کئی علاقے سرد ہواؤں اور برف باری کی لپیٹ میں ہیں۔

امریکہ کے قومی موسمیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ ہفتے کو ملک کا وسط مغربی اور شمال مشرقی علاقہ برف باری، طوفان اور برفانی صورت حال کی زد میں ہو گا، جس کے نتیجے میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوں گے۔

طوفان کے جس وسیع موسمی نظام نے جمعے کی صبح پلینز کے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لیا وہ اختتام ہفتہ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں پھیل جائے گا۔

ویدر چینل کی اطلاعات کے مطابق، برف باری کا یہ سلسلہ اختتام ہفتہ مشرقی علاقے کی جانب بڑھے گا، جو آخر کار موسلا دھار برسات میں تبدیل ہو جائے گا۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق، اپر مڈ ویسٹ میں موسم سرما کی صورت حال مزید شدت اختیار کرے گی۔

اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ جمعے کی علی الصبح کینساس سٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو اس وقت بند کر دیا گیا جب ڈیلٹا کمپنی کا ایک طیارہ اڑان بھرتے ہوئے رن وے کی پٹی سے باہر نکل گیا۔

جمعے ہی کے روز نبراسکا کے شہر اماہا میں سڑکوں پر شدید برف باری ہوئی، جب کہ کینساس سٹی میٹرو ایریا میں سلیٹ اور یخ بستہ ہوائیں چلیں، جس سے سردی کی شدت میں بے انتہا اضافہ ہوا۔

ساتھ ہی پیش گوئی کی گئی ہے کہ ہفتے کی شام ڈکوٹاز کے مشرقی علاقے، منی سوٹا کے مغربی علاقے جب کہ آئیوا کے شمال مغرب اور شمال مشرقی نبراسکا میں برفانی طوفان آئے گا۔ ویدر چینل نے اس موسمیاتی سلسلے کو ’ونٹر اسٹارم جیکب‘ کا نام دیا ہے۔

اس کے نتیجے میں منی پولس اور ڈیٹرائٹ میں برف باری اور سلیٹ کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

موسم کا یہ سلسلہ مشرقی پنسلوانیا اور شمالی نیو جرسی کی طرف بڑھ رہا ہے؛ جہاں سے ہوتے ہوئے، یہ سینٹرل نیویارک اور سدرن نیو انگلینڈ کی طرف بڑھے گا۔

اس کے نتیجے میں گریٹ لیکز کے شمالی علاقہ جات، نیو یارک اور ناردرن نیو انگلینڈ میں کم از کم چھ انچ برف باری ہو گی۔

یو ایس اے ٹو ڈے کی خبر کے مطابق، جمعے کے روز موسم سرما کا یہ طوفانی سلسلہ جمعے کے دن برف باری میں تبدیل ہوا جس سے شمالی امریکہ کا وسیع تر علاقہ متاثر ہوا۔ یہ سلسلہ اختتام ہفتہ بھی جاری رہے گا، جس کے نتیجے میں سفر کرنا خطرناک حد تک مشکل ہو گیا ہے۔

امریکہ کے مغربی ساحلی علاقے میں برسات اور برف باری ہو چکی ہے، جہاں سے بڑھتے ہوئے اب اس موسمیاتی سلسلے نے پلینز، مڈ ویسٹ اور نارتھ ویسٹ کی جانب رخ کیا ہے۔

نیشنل ویدر سروس نے بتایا ہے کہ جمعے کی رات تک وسطی امریکہ میں سفر کی صورت حال خاصی مشکل ہو جائے گی، کیونکہ پہلے ہی سڑکوں پر پھسلن ہے اور حد نگاہ دھندلی تر ہو چکی ہے۔

جمعے کے دن ڈکوٹاز، منی سوٹا، وسکونسن اور مشی گن میں برف باری ہوئی، جہاں بعض علاقوں میں ایک فٹ تک برف پڑی۔ ادھر چند علاقوں سے برفانی طوفان کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG