ورلڈ کپ میں چند ہی ہفتے باقی رہ گئے ہیں لیکن ویسٹ انڈین کرکٹ میں اکھاڑ پچھاڑ شروع ہوگئی ہے۔ ٹیم کے کوچ رچرڈ پائی بس کو بھی عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔
فلوئیڈ ریفر کو ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ رابرٹ ہینز، کورٹنی براؤن کی جگہ عبوری سلیکٹرز کے سربراہ ہوں گے جب کہ سلیکٹرز کا پورا پینل بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔
پائی بس کا ویسٹ انڈیز کے ساتھ معاہدہ ورلڈ کپ کے بعد تک کا تھا لیکن کرکٹ ویسٹ انڈیز کے صدر رکی اسکیریٹ کا کہنا ہے کہ تبدیلیاں ناگزیر ہوگئی تھیں۔
خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ کوچ کی تبدیلی سے ڈیوائن براوو اور کائرون پولارڈ سمیت دیگر کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی کی راہ ہموار ہوگی۔
انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے رچرڈ پائی بس نے جنوری میں آسٹریلیا کے اسٹیورٹ لا کی جگہ ویسٹ انڈین ٹیم کی کوچنگ کے فرائض سنبھالے تھے۔ وہ ماضی میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
رچرڈ پائی بس کو سابق ویسٹ انڈین کپتان ڈیرین سیمی سمیت دیگر کی جانب سے تنقید کا سامنا رہا ہے۔
ویسٹ انڈیز ٹیم نے انگلینڈ کو حالیہ ٹیسٹ سیریز میں دو ۔ ایک سے شکست دی تھی جب کہ ون ڈے سیریز دو ۔ دو سے برابر رہی تھی۔
ورلڈ کپ 2019ء میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 31 مئی کو پاکستان کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔