رسائی کے لنکس

کرونا وائرس کے لیے دو ٹریلین ڈالر کے بل پر سینیٹ اور وائٹ ہاؤس متفق


وائٹ ہاؤس اور سینیٹ کے رہنماؤں نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کے لیے دو ٹریلین ڈالر کے ہنگامی امدادی پیکیج پر اتفاق ہو گیا ہے۔

اس بل کی منظوری کے بعد نہ صرف کرونا وائرس کے انسداد اور علاج معالجے کی سہولتوں کو بڑھایا جائے گا، بلکہ اس سے متاثرہ کاروبار اور امریکیوں کی مدد کی جائے گی۔

یہ امریکہ کی تاریخ میں سب سے بڑا معاشی امداد کا بل ہے۔ اس کے ذریعے ملک کی تیزی سے گرتی ہوئی معیشت کو سہارا ملے گا اور امریکہ کے ہیلتھ کیر نظام کو اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ کرونا وائرس کا مقابلہ کر سکے۔

سینیٹ میں اقلیتی ڈیموکریٹ پارٹی کے لیڈر چک شومر نے نیوز نیٹ ورک سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام امریکیوں کے لیے پیغام ہے کہ جلد از جلد امداد پہنچنے والی ہے۔

سینیٹ میں اکثریتی پارٹی کے لیڈر مچ میکانل نے کہا کہ اس بل سے کرونا وبائی مرض کے خلاف اگلے محاذ پر کام کرنے والے طبی کارکنوں کو مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ اس وبا سے متاثر ہونے والےامریکی کارکنوں، چھوٹے کاروباروں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

سینیٹ سے منظوری کے بعد کانگریس اس بل پر غور کرے گی۔ ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی نے کہا ہے کہ اس فریقی اتفاق رائے تک پہنچنے کے لیے ہمیں طویل راستہ طئے کرنا پڑا۔

ایوان کے تمام اراکین اس وقت موجود نہیں ہیں اس لیے ابھی یہ واضح نہیں کہ ایوان میں اس بل پر رائے شماری کب ہوگی۔

XS
SM
MD
LG