رسائی کے لنکس

شاہ رخ خان کی سال 2023 کی تیسری فلم باکس آفس پر دھوم مچانے کے لیے تیار


شاہ رخ خان
شاہ رخ خان

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان رواں برس اپنی تیسری فلم کی ریلیز کے لیے تیار ہیں۔ اداکار نے اپنی سالگرہ کے موقع پر فلم 'ڈنکی' کا ٹریلر ریلیز کیا ہے۔

'ڈنکی' میں شاہ رخ خان کے ساتھ اداکارہ تاپسی پنو، بمن ایرانی اور وکی کوشل اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ امکان ہے کہ فلم میں اداکار دھرمیندر ، ستین شاہ اور دیا مرزا بھی نظر آئیں گی۔

فلم کی ہدایات منا بھائی ایم بی بی ایس، پی کے، سنجو اور تھری ایڈیٹس کے ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی نے دی ہیں جب کہ اسے شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے پروڈیوس کیا ہے۔

'ڈنکی' کی کہانی چار دوستوں کے گرد گھومتی نظر آتی ہے جو اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بیرون ملک جانے کا خواب دیکھتے ہیں۔

شاہ رخ خان نے جمعرات کو ٹریلر کا ڈراپ ون یعنی پہلا حصہ جاری کیا ہے جس سے اندازہ ہو رہا ہے کہ ٹریلر کا دوسرا حصہ بھی ریلیز کیا جائے گا۔

ٹیزر میں شاہ رخ خان ایک نئے انداز میں نظر آرہے ہیں جس میں وہ ایک ایسے نوجوان کا کردار ادا کررہے ہیں جو آگے جاکر ڈنکی کے شعبے سے وابستہ ہوجاتا ہے۔ یعنی وہ غیر قانونی طور پر لوگوں کو بیرون ملک لے جانے کا پیشہ اختیار کرلیتا ہے۔

'ڈنکی' رواں برس دسمبر میں کرسمس کے موقع پر ریلیز ہو گی۔ اس فلم کا مقابلہ باکس آفس پر اداکار پربھاس کی فلم 'سالار 'سے ہونے کا امکان ہے، وہ بھی دسمبر کے آخر میں ریلیز ہو گی۔

شاہ رخ خان اور راج کمار ہیرانی کی کہانی منا بھائی سے بھی زیادہ پرانی

معروف ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے سنجے دت کی فلم 'منابھائی ایم بی بی ایس' سے شہرت حاصل کی تھی جس کے بعد انہوں نے منا بھائی کا سیکوئل 'لگے رہو منابھائی' بنایا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے عامر خان کے ساتھ 'تھری ایڈیٹس' اور 'پی کے' جیسی ہٹ فلمیں پیش کیں۔

راج کمار ہیرانی کی آخری فلم 'سنجو' تھی جو 2018 میں ریلیز ہوئی تھی۔ 'سنجو' نے باکس آفس پر شاندار بزنس کیا تھا۔ بعدازاں راج کماار ہیرانی پانچ برس کے وقفے کے بعد فلم 'ڈنکی' لے کر آرہے ہیں جو ان کی شاہ رخ خان کے ساتھ پہلی فلم ہے۔

بہت کم ہی لوگوں کو علم ہے کہ جب راج کمار ہیرانی نے منا بھائی کے کردار کی تلاش شروع کی تھی تو ان کی پہلی چوائس شاہ رخ خان ہی تھے جنہوں نے اُس وقت کمر میں تکلیف کی وجہ سے فلم کرنے سے معذرت کرلی تھی۔ پھر اس کردار کے لیے سنجے دت کا نام تجویز کیا گیا تھا۔

راج کمار ہیرانی نے 'ڈنکی' کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اس فلم سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔

فلم 'ڈنکی' کے ٹیزر کو شائقین کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔ کسی نے اسے بلاک بسٹر قرار دیا تو کسی کے خیال میں یہ راج کمار ہیرانی کی سب سے کامیاب فلم ثابت ہو گی۔

آکاش ونی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر فلم کے ٹریلر پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ باکس آفس پر ریکارڈ برنس کرے گی۔

ایک صارف نے کہا کہ یہ ایک ماسٹرپیس ثابت ہوگی جسے شائقین بار بار دیکھنے سنیما جائیں گے۔

فلمی تجزیہ کار سمیت کادل سمجھتے ہیں کہ شاہ رخ خان اور ڈنکی کی اسٹار کاسٹ کا راج کمار ہیرانی کی ہدایات میں کام کرنا اور اصل واقعات کو سامنے رکھ کر دوستی اور محبت کی داستان پیش کرنا اس کی کامیابی کی ضمانت ہے۔

شاہ رخ خان کے ایک مداح نے فلم کی کاسٹ کو سراہا۔

ڈنکی کی شوٹنگ بھارت کے علاوہ سعودی عرب کے شہر جدہ اور نیوم، لندن اور بُداپسٹ میں ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ اس سال شاہ رخ خان کی دو فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں۔ دونوں ہی فلموں جوان اور پٹھان نے باکس آفس پر شاندار بزنس کیا تھا۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG