رسائی کے لنکس

باکسنگ ڈے کیا ہے؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

آج امریکہ سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں کرسمس کے اگلے روز خریداری کا خاص دن یعنی ’باکسنگ ڈے‘ منایا جا رہا ہے، جس میں ٹیلی ویژن اور کمپیوٹر جیسی چیزیں بڑے ڈسکاؤنٹ پر پیش کی جاتی ہیں۔

خریدار سارا سال خریداری کیلئے اس دن کا خاص طور پر انتظار کرتے ہیں۔

سوال یہ ہے کہ اسے باکسنگ ڈے کیوں کہا جاتا ہے، حالانکہ اس کا باکسنگ کھیل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اس نام کے حوالے سے مختلف ملکوں میں مختلف تصور پائے جاتے ہیں۔ اس کیلئے سب سے زیادہ مقبول توجیح یہ ہے کہ تاریخ میں معاشرے میں موجود اہل ثروت لوگوں کی طرف سے اپنے ملازمین اور چھوٹے دکانداروں کو کرسمس کے اگلے روز خصوصی ’’کرسمس بکس‘‘ پیش کیے جاتے تھے جن میں رقم اور دیگر تحائف ہوتے تھے۔ یہ بکس اور ان میں موجود نقدی اور تحائف تمام سال کے دوران ان کی خدمات کے اعتراف میں دیے جاتے تھے۔

ایک اور تفصیل کے مطابق، اس کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ قدیم زمانے میں کرسمس کے تہوار کے موقع پر گرجا گھروں کے باہر ایک بکس یا ڈبہ رکھا جاتا تھا جس میں لوگ اپنی استعداد کے مطابق رقم ڈال دیتے تھے جو بعد میں گرجا گھر کی انتظامیہ معاشرے کے ایسے لوگوں میں تقسیم کر دیتی تھی جو کرسمس تہوار منانے کی استطاعت نہیں رکھتے تھے۔

کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ باکسنگ ڈے کی اصطلاح دراصل برطانوی بحریہ کی قدیمی روایت سے لی گئی ہے جس میں نقدی سے بھرا ایک ڈبہ بحری جہاز میں رکھا جاتا تھا اور سفر کی کامیاب تکمیل کے بعد شکرانے کے طور پر اسے کھول کر تمام رقم غربا میں تقسیم کر دی جاتی تھی۔

یہ کوئی نہیں جانتا کہ باکسنگ ڈے کی اصطلاح کب استعمال ہونی شروع ہوئی۔

تاہم، بیشتر لوگوں کا خیال ہے کہ اس کی ابتدا صدیوں قبل معاشرے کے متمول افراد کی طرف سے اپنے ملازمین کو کرسمس سے اگلے روز نقدی بھرے ڈبے پیش کرنے سے ہوئی۔

ان ملازمین کو اس تحفے کے ساتھ ایک دن کی رخصت بھی دی جاتی تھی، تاکہ وہ خریداری سمیت وہ سب کام کر سکیں جو وہ خدمات انجام دینے کے دوران نہیں کر پاتے تھے۔ تاہم، عام تاثر یہی ہے کہ یہ روایت رومن فاتحین کے ذریعے برطانیہ آئی اور پھر وکٹورین دور میں انتہائی مقبولیت اختیار کر گئی۔

آج کے دور میں باکسنگ ڈے آرام کرنے اور خریداری کے دن کا روپ اختیار کر چکا ہے۔ اس روز لوگ اپنے رشتہ داروں اور دوستوں کے گھر جاتے ہیں جہاں ان کی ٹرکی، گوشت اور دیگر کھانوں سے توازع کی جاتی ہے اور لوگ کرسمس کے دن کے بچے کھچے مخصوص کھانے اور مٹھائیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ رفتہ رفتہ باکسنگ ڈے سیلز کی روایت زور پکڑتی گئی اور لوگ خصوصی ڈسکاؤنٹ والی سیل سے بھرپور فائدہ اٹھانے لگے۔

XS
SM
MD
LG