رسائی کے لنکس

یورپ کے دریائے 'اوڈر' میں ہزاروں مچھلیوں کی پراسرار ہلاکت معمہ بن گئی


دریائے اوڈر چیکیا سے پولینڈ اور جرمنی کے درمیان کی سرحد تک بہتا ہے جس کے بعد وہ بالٹک سمندر میں جا گرتا ہے۔
دریائے اوڈر چیکیا سے پولینڈ اور جرمنی کے درمیان کی سرحد تک بہتا ہے جس کے بعد وہ بالٹک سمندر میں جا گرتا ہے۔

یورپی ملک پولینڈ اور جرمنی حال ہی میں دریائے اوڈر میں ہزاروں مچھلیوں کی ہلاکت کا معمہ حل کرنے میں مصروف ہیں اور دونوں ملک یہ پتا لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ دریا میں بڑے پیمانے پر مچھلیاں کیوں ہلاک ہوئیں۔

پولینڈ کی ماحولیاتی امور کی وزیر نے کہا ہے کہ دریائے اوڈرمیں مچھلیوں کی ہلاکت کے بعد لیبارٹری ٹیسٹوں سے نمکیات کی سطحوں کے بلند ہونے کا پتا چلا ہے لیکن ایسا کوئی سراغ نہیں ملا جس سے یہ اخذ کیا جائے کہ دریا کے پانی میں پارا موجود تھا۔

دریائے اوڈر چیکیا سے پولینڈ اور جرمنی کے درمیان کی سرحد تک بہتا ہے جس کے بعد وہ بالٹک سمندر میں جا گرتا ہے ۔ جرمنی کے کچھ میڈیا اداروں نے کہا تھا کہ دریا پارے سے زہر آلود ہو گیا تھا۔

تاہم پولینڈ کی آب و ہوا اور ماحولیات کی وزیر اینا موسکوا نے ہفتے کے روز کہا کہ پولینڈ اور جرمنی دونوں میں دریا کے پانی کے نمونوں کے تجزیوں سے ظاہر ہوا ہے کہ اس میں نمک کی سطح بلند تھی ۔البتہ پولینڈ میں پانی میں زہر کی موجودگی کے بارے میں جائزے ابھی جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پولینڈ کی سرکاری ویٹرینری اتھارٹی نے مردہ مچھلیوں کی سات اقسام کو ٹیسٹ کیا ہے اور پارے کو ان کے مرنے کی وجہ کے طور پر خارج از امکان قرار دیا ہے لیکن دوسرے مادوں کے نتائج کا ابھی انتظار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی میں کیے گئے ٹیسٹوں کے نتائج میں بھی پارے کی کوئی بلند سطح ظاہر نہیں ہوئی ہے ۔

جرمن لیبارٹریز کا کہنا ہے کہ انہوں نے نمک کے غیر معمولی بلند درجوں کا سراغ لگایا ہے جسے مچھلیوں کے مرنے سے منسلک کیا جا سکتا ہے لیکن وہ ان کے بارے میں خود سے پوری طرح وضاحت نہیں کر یں گے ۔

جرمن سرحد کے قریب کارکن دریائے اوڈر سے مردہ مچھلیاں نکال رہے ہیں : فائل فوٹو
جرمن سرحد کے قریب کارکن دریائے اوڈر سے مردہ مچھلیاں نکال رہے ہیں : فائل فوٹو

پولینڈ کےوزیر میٹیش موراویسکی نے جمعے کو کہا تھا کہ ملک کے دوسرے سب سے طویل دریا میں غالباً بھاری مقدار میں کیمیائی کچرا دانستہ طور پر پھینکا گیا تھا ، جس کے نتیجے میں ماحول کو اتنا شدید نقصان پہنچا ہے کہ آبی گزرگاہ کو بحال ہونے میں برسوں لگیں گے۔

موراویسکی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماحول کی تباہی کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیےجائیں گے ۔ پولینڈ کے وزیر داخلہ نے کہا کہ جو کوئی دریا کو آلودہ کرنے کے ذمہ داروں کا پتا لگانے میں مدد کرے گا اسے دو لاکھ 22 ہزار امریکی ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔

جرمنی کی ریاست برینڈن برگ ، جس کے ساتھ ساتھ یہ دریا بہتا ہے ، اس کے ماحولیات کے وزیر الیکس ووگیل نے کہا ہے کہ مچھلیوں کا اتنی بڑی تعداد میں مرنا دہشت انگیز ہے ۔ یہ بڑی قدرو قیمت کی ایک آبی گزرگاہ کے طور پر اوڈر کے لیے ایک دھچکا ہے جس سے ممکنہ طور پر وہ ایک لمبے عرصے تک بحال نہیں ہو سکے گا۔

پولینڈ کے پانیوں کے امور کی اتھارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دریا سے دس ٹن مردہ مچھلیاں نکالی جا چکی ہیں جب کہ سینکڑوں رضاکار جرمنی کی جانب کے پانیوں سے مردہ مچھلیاں اکٹھی کرنے میں مد د کر رہے ہیں۔

جرمن -پولینڈ سرحدی دریا کے پانی سےر رضاکار مردہ مچھلیاں نکال رہے ہیں: اے پی
جرمن -پولینڈ سرحدی دریا کے پانی سےر رضاکار مردہ مچھلیاں نکال رہے ہیں: اے پی

مورا ویسکی نے تسلیم کیا کہ پولینڈ کے کچھ عہدے دار وں نے ساحل کے قریب اتنی بڑی تعداد میں بہتی ہوئی مردہ مچھلیوں کو دیکھے جانے کے بعد سست رد عمل کا مظاہرہ کیا اور ان میں سے دو کو بر طرف کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ "میرے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس ماحولیاتی سانحے سے جلد از جلد نمٹا جائے کیوں کہ قدرتی ماحول ہمارا مشترکہ ورثہ ہے۔"

ایسے ہی تبصرے اینکترین ہوپے کی مئیر شیئٹ نے کیے جن کا قصبہ جرمن ٹاؤن لوئر اوڈر ویلی نیشنل پارک کے ساتھ واقع ہے ۔ انہوں نے دریا کی آلودگی کو خطے کے لیے ایک ایسا ماحولیاتی سانحہ قرار دیا جس کی ان کے بقول اس سے پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔

XS
SM
MD
LG