رسائی کے لنکس

اداس شہر میں ایک گیت نے زندگی کی لہر دوڑا دی


کرونا وائرس نے شہروں کی گلیاں سنسان کر دیں۔
کرونا وائرس نے شہروں کی گلیاں سنسان کر دیں۔

لاک ڈاؤن سے متاثر ایک شہر گھوسٹ ٹاؤن بنا ہوا تھا اور رات کے اندھیرے میں گلیاں سنسان پڑی تھیں۔ ایک نوجوان جب گھر میں پڑے پڑے بیزار ہو گیا تو بالکونی میں آیا اور ایک گیت گانا شروع کر دیا۔ سامنے والے گھر کی کھڑکی کھلی اور ایک لڑکی نے اس کا ساتھ دینا شروع کر دیا۔ کھڑکیاں کھلتی گئیں اور گیت گانے والے بڑھتے گئے۔ کچھ ہی دیر میں اس اداس شہر میں ایک گیت نے زندگی کی لہر دوڑا دی۔

اٹلی کے شہر سی اینا کا لوک گیت
please wait

No media source currently available

0:00 0:00:39 0:00

یہ کہانی ہے اٹلی کے شہر سی اینا کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ رات ہے، تاریکی ہے، گلی سنسان ہے لیکن گیت گونج رہا ہے۔

تاریخ اور اساطیر کے امین اور فٹ بال، فیشن اور موسیقی کے مرکز اٹلی کو کرونا وائرس نے بری طرح متاثر کیا ہے۔ چین کے بعد وہ پہلا ملک ہے جہاں عالمی وبا سے ایک ہزار ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ ایک ایک دن میں دو دو سو زندگیاں ختم ہو رہی ہیں۔ پورے ملک میں کرفیو جیسے حالات ہیں اور زندگی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔ اس معطل زندگی میں ایک گیت نے بہت سے لوگوں میں جینے کی امنگ پیدا کی ہے۔

اس کی ویڈیو سی اینا کے ایک شہری نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی اور لکھا کہ میرے شہر کے لوگ کرونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران ایک سنسان گلی میں اپنے گھروں سے ایک مقبول لوک گیت گا رہے ہیں۔

سی اینا وسطی اٹلی میں واقع ہے اور اینٹوں کی قدیم عمارتوں کے لیے پہچانا جاتا ہے۔ اس کے مرکز میں پیازا ڈیل کیمپو کے نام سے چوک ہے۔ یہ گیت اسی چوک کے بارے میں ہے اور اسے کنٹراڈا کے لوگ گایا کرتے تھے جو صدیوں پہلے فوج کے لیے سپاہی فراہم کرتے تھے۔

اس گیت کا ٹائٹل کونٹو ڈیلا ورنبینا ہے جس کا مطلب ہے، اور جب میرا سی اینا محو خواب ہوتا ہے۔ یعنی یہ گیت خاص رات کے وقت گایا جاتا تھا۔

سوشل میڈیا پر یہ گیت سن کر بہت سے لوگ جذباتی ہو گئے۔ ایک خاتون نے لکھا کہ موجودہ حالات میں گیت سن کر ان کی آںکھوں میں آنسو آ گئے۔ ایک نوجوان نے لکھا کہ وہ یہ ویڈیو دیکھ کر جوش میں بھر گیا۔ ایک شخص نے لکھا کہ یہ ایک یاد دہانی ہے کہ المیے کی صورت حال میں بھی انسانی جذبہ امیدوں کو زندہ رکھتا ہے۔ جگنو اندھیرے ہی میں چمکتے ہیں۔ شکریہ سی اینا، تم نے ہمیں خوش کر دیا۔

XS
SM
MD
LG