رسائی کے لنکس

'وائٹ ہیلمٹ' کے بانی جیمز لی ترکی میں مردہ پائے گئے


'وائٹ ہیلمٹ' نامی تنظیم کی بنیاد رکھنے والے جیمز لی میسوریر ترکی میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔
'وائٹ ہیلمٹ' نامی تنظیم کی بنیاد رکھنے والے جیمز لی میسوریر ترکی میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔

برطانوی فوج کے سابق افسر اور جنگ زدہ عرب ملک شام میں طبی کاموں کے لیے 'وائٹ ہیلمٹ' نامی تنظیم کی بنیاد رکھنے والے جیمز لی میسوریر ترکی میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔

جیمز لی گزشتہ کئی برسوں سے ترکی میں رہائش پذیر تھے اور پیر کو ان کی لاش وسطی استنبول کے ضلع بیوگلو میں اُن کے گھر کے باہر سے ملی ہے۔

استنبول کے گورنر آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جیمز لی کی موت کی وجہ جاننے کے لیے انتظامی اور عدالتی سطح پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق، جیمز لی پیر کی صبح اس حالت میں مردہ پائے گئے کہ اُن کی ٹانگیں ٹوٹی ہوئی تھیں اور سر پر بھی گہری چوٹ تھی۔ ابتدائی طور پر پولیس کا کہنا ہے کہ جیمز لی کے گھر میں کسی کے داخلے یا نکلنے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق، سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بظاہر لگتا ہے کہ جیمز لی کی موت گھر کی بالائی منزل کی بالکونی سے گرنے کی وجہ سے ہوئی ہے اور اس حوالے سے خودکشی کا بھی شبہ ہے۔

جیمز لی کی تنظیم جنگ زدہ ملک شام میں امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش رہی۔
جیمز لی کی تنظیم جنگ زدہ ملک شام میں امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش رہی۔

جیمز لی کی اہلیہ نے پولیس کو بتایا ہے کہ ان کے شوہر ذہنی تناؤ سے نجات کے لیے ادویات کا استعمال کیا کرتے تھے۔

یاد رہے کہ جیمز لی میسوریر 'مے ڈے ریسکیو گروپ' کے بانی تھے اور یہ غیر سرکاری تنظیم جنگ زدہ ملکوں میں جا کر لوگوں کو طبی امداد کے علاوہ خوراک اور پناہ دینے کا کام کرتی ہے۔

اُنہوں نے 2013 میں ترک نوجوانوں پر مشتمل 'وائٹ ہیلمٹ' نامی تنظیم کی بنیاد رکھی تھی جس نے چند ہی ماہ میں دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرلی تھی۔ شام میں یہ تنظیم جنگ سے متاثرہ لوگوں کی امداد میں پیش پیش تھی جسے عالمی میڈیا میں بے حد پذیرائی ملی۔

جیمز لی کی موت پر 'مے ڈے ریسکیو گروپ' نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جیمز لی عظیم رہنما اور بصیرت رکھنے والی شخصیت کے حامل تھے اور انہوں نے اپنی زندگی عام شہریوں کی مدد کے لیے وقف کر دی تھی۔

ملکہ برطانیہ نے جنگ زدہ ملک شام میں لوگوں کی خدمت کرنے کے اعتراف میں جیمز لی کو 2016 میں 'آرڈر آف برٹش ایمپائر' کے اعزاز سے بھی نوازا تھا۔

XS
SM
MD
LG