رسائی کے لنکس

صدر نے کومی کو تحقیقات روکنے کے لیے نہیں کہا تھا: وائٹ ہاوس


کومی، فلین اور صدر ٹرمپ
کومی، فلین اور صدر ٹرمپ

وائٹ ہاوس نے ان خبروں کو مسترد کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایف بی آئی کے سابق ڈائریکٹر جیمر کومی کو برطرف کردہ مشیر قومی سلامتی مائیکل فلین کے روس سے تعلقات کے بارے میں تحقیقات روکنے کا کہا تھا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹرمپ نے یہ بات کومی سے فروری میں ہونے والی ملاقات کے دوران کہی تھی۔

ملاقات کے بعد ایک مراسلے میں کومی نے لکھا تھا کہ ٹرمپ نے ان سے کہا کہ "مجھے امید ہے کہ آپ اس معاملے کو جانے دیں گے۔" اس بارے میں تفصیلات سب سے پہلے نیویارک ٹائمز اور پھر واشنگٹن پوسٹ اور دیگر ذرائع ابلاغ نے شائع کیں۔

لیکن وائٹ ہاوس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ خبریں "درست نہیں یا صدر اور کومی کے درمیان ہونے والے گفتگو کی صحیح عکاسی نہیں کرتیں۔"

بیان کے مطابق صدر نے متعدد بار یہ کہا کہ فلین "اچھے آدمی" ہیں، لیکن انھوں نے کومی یا کسی اور سے تحقیقات روکنے کا نہیں کہا۔

صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے اچانک جیمز کومی کو برطرف کر دیا تھا جس کے بعد سیاسی سطح پر ایک تنازع نے جنم لیا اور ان مطالبات میں اضافہ ہوا کہ روس اور ٹرمپ کے تعلقات کی چھان بین کرنے کے لیے ایک سپیشل پراسیکیوٹر یا آزاد کمیشن تشکیل دیا جائے۔

وائٹ ہاوس یہ کہہ چکا ہے کہ کومی کو برطرف کیے جانے کا روسی سے متعلق تحقیقات سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG