رسائی کے لنکس

logo-print

ٹرمپ اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے مکمل فٹ ہیں: وائٹ ہاؤس


وائٹ ہاؤس کے طبی معالج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں بتایا ہے کہ وہ اپنے فرائض انجام دینے کے لیے طبی لحاظ سے بالکل ٹھیک ہیں۔

منگل کو وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر رونی جیکسن نے بتایا کہ 71 سالہ ٹرمپ کا وزن 108 کلوگرام (239 پاؤنڈز) اور قد چھ فٹ تین انچ ہے اور مجموری طور پر ان کی صحت بہترین ہے۔

ان کے بقول تمام طبی معلومات یہ واضح کرتی ہیں کہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں اور اپنی مدت صدارت کے دوران ان کی صحت ایسی ہی برقرار رہے گی۔

جیکسن نیوی کے ریئرایڈمرل ہیں اور انھوں نے سابق صدر براک اوباما کا بھی بطور صدر آخری طبی معائنہ کیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی ذہنی صحت سے متعلق کئی سوالات اٹھ رہے تھے جس کے بعد جمعہ کو انھوں نے بطور صدر اپنا پہلا مکمل طبی معائنہ والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں کروایا۔

جیکسن کا کہنا تھا کہ صدر نے انھیں ہدایت کی تھی وہ پریس بریفنگ کے دوران موجود رہیں اور ہر ایک سوال کا جواب دیں۔

صدر کی ذہنی صحت کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ اس ضمن میں ٹرمپ کی خواہش پر کیے جانے والے تجزیے میں وہ مکمل طور پر فٹ پائے گئے۔

جیکسن کا کہنا تھا کہ "ہم ہر روز متعدد بار آپس میں بات چیت کرتے ہیں اور مجھے ان کی ذہنی صحت کے درست ہونے میں قطعاً کوئی شبہ نہیں۔ اور اگر ایسا کچھ ہوتا تو میں یہ بات متعلقہ لوگوں کے علم میں ضرور لاتا۔"

تاہم صدر کے وزن اور ان کے روزمرزہ معمولات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر انھیں ورزش کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں اپنا وزن 10 سے 15 پاؤنڈز تک کم کرنا چاہیے۔ ٹرمپ صدر گالف کھیلتے ہیں اور مرغن غذاؤں کے شوقین ہیں۔

جیکسن نے بتایا کہ وہ خاتون اول ملانیا ٹرمپ اور صدر کی بیٹی ایوانکا کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ ٹرمپ کو ورزش کرنے کے ساتھ ساتھ صحت بخش غذا کے استعمال کی طرف راغب کیا جائے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG