رسائی کے لنکس

logo-print

کیا ’چنائی ایکسپریس‘ کا ریکارڈ توڑا جا سکتا ہے؟


اس ریکارڈ کے بعد بالی وُوڈ میں ہر کوئی یہ سوچ رہا ہے کہ اب وہ کون سا اور کس کا شاہکار ہوگا جو یہ ہفتے میں 156.70 کروڑ روپے کمانے کا ریکارڈ توڑے گا۔

کہتے ہیں ریکارڈ بنتے ہی ٹوٹنے کے لئے ہیں لیکن یہ بھی سچ ہے کہ کچھ ریکارڈ ز کو توڑنا اتنا آسان بھی نہیں ہوتا۔ ”چنائی ایکسپریس“ کی ہی مثال لیجیئے۔ اس نے جہاں اور بہت سار ے ریکارڈ قائم کئے ہیں وہیں اسے یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس نے ایک ہفتے میں ڈیڑھ ارب سے زیادہ کا ریکارڈ بزنس کیا ہے۔

اس ریکارڈ کے بعد بالی ووڈ میں ہر کوئی یہ سوچ رہا ہے کہ اب وہ کون سا اور کس کا شاہکار ہوگا جو یہ ہفتے میں 156.70 کروڑ روپے کمانے کا ریکارڈ توڑے گا؟

75 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی ”چنائی ایکسپریس“ کی ریکارڈ کامیابی کو لے کر شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ ریکارڈ اہمیت نہیں رکھتے، چند مہینے میں ریکارڈ یا تو ٹوٹ جاتے ہیں یا بہتر ہو جاتے ہیں۔

’نیو دہلی ٹی وی‘ کے مطابق آنے والے مہینوں میں کچھ فلمیں ایسی ہیں جو ”چنائی ایکسپریس “کا ریکارڈ توڑ سکتی ہیں۔ اگست کے آخر میں ریلیز ہونے والی پرکاش جھا کی ”ستیہ گرہ“ اور سال کے آخری مہینوں میں سینما گھروں کی زینت بننے والی رنبیرکپور کی ”بے شرم“، رہتک روشن کی ’کرش 3‘ اورعامر خان کی ’دھوم 3‘ باکس آفس پر دھوم مچانے کی پوری پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔

بالی وُوڈ کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان چاروں فلموں کے بجٹ کے بارے میں کوئی اعداد وشمار جاری نہیں کئے گئے لیکن اندازہ یہ ہے کہ”ستیہ گرہ“ کا بجٹ 40کروڑ، ”بے شرم“ کا بجٹ 50 کروڑ اور اسپشل افیکٹس سے سجی راکیش روشن کی” کرش 3“ کا بجٹ 90 کروڑ روپے ہے۔

بہت سے لوگوں کو توقع تھی کہ سب سے زیادہ سو کروڑ کی فلمیں دینے والے اکشے کمار کی فلم ”ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ“ شاہ رخ خان کی ”چنائی ایکسپریس “کو ٹف ٹائم دے گی لیکن یہ فلم بس اوسط بزنس ہی کر سکی۔

امیتابھ بچن، اجے دیوگن، ارجن رام پال، منوج باجپائی اورکرینہ کپور کی اسٹار کاسٹ سے سجی ”ستیہ گرہ“ کے بارے میں بھی فلمی پنڈت اچھی پیش گوئیاں کر رہے ہیں۔ فلم سماجی کارکن انا ہزارے سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔

رنبیر کپور کی فلم ”بے شرم“ دو اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔ یہ پہلا موقع ہو گا جب رنبیر اپنے والدین نیتو او ر رشی کپور کے ساتھ بڑے پردے پرنظر آئیں گے۔ ”برفی“ اور ”یہ جوانی ہے دیوانی“ کی شاندار کامیابی کے بعد اس فلم سے لوگوں کی توقعات بہت بڑھ گئی ہیں اور امید ہے کہ رنبیر کپور کے کریڈٹ پر ایک اور سو کروڑ روپے کمانے والی فلم کا اضافہ ہوجائے گا۔

مسٹرپرفیکٹ عامر خان اپنی فلموں کو لے کر جتنے انوالو ہوتے ہیں وہ سبھی کو معلوم ہے۔ عامرخان یش راج فلمز کی فلم ”دھوم 3“میں منفرد رول میں دکھائی دیں گے۔ فلم دسمبر میں کرسمس کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔ریتک روشن کی’ کرش 3‘دیوالی کے تہوار پر 4 نومبرکو ریلیز ہوگی۔ ڈسٹری بیوٹرز اس بات پر متفق ہیں کہ یہ دونوں فلمیں باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہیں گی۔
XS
SM
MD
LG