رسائی کے لنکس

logo-print

بنگلہ دیش بمقابلہ نیوزی لینڈ: تمیم اقبال کے کیچ پر تنازع


نیوزی لینڈ نے دوسرے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دی ہے۔

بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں اس وقت تنازع سامنے آیا جب اوپننگ بلے باز تمیم اقبال کا کیویز بالر کیل جیمیسن نے کیچ پکڑا۔

منگل کو کھیلے جانے والے میچ کے پندرہویں اوور میں بنگلہ دیش کے کپتان تمیم اقبال نے جیمیسن کی گیند پر وکٹ کے سامنے شارٹ کھیلا اور بالر کیچ پکڑنے میں کامیاب رہے۔

جیمیسن ابھی کیچ پکڑنے پر خوشی ہی منا رہے تھے کہ گراؤنڈ امپائر نے اپنی سافٹ کال میں اسے کیچ آؤٹ قرار دیا لیکن تمیم اقبال کو انتظار کرنے کا کہا اور حتمی فیصلے کے لیے تھرڈ امپائر کو معاملہ ریفر کر دیا۔

بظاہر جیمیسن تمیم اقبال کا کیچ دونوں ہاتھوں سے پکڑ چکے تھے لیکن جب کیمروں کی مدد سے جیمیسن کے ہاتھ میں گیند کی موجودگی کو دیکھا گیا تو تھرڈ امپائر نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ "گیند زمین پر لگ گئی ہے اور کھلاڑی گیند پر اپنا کنٹرول کھو چکے ہیں۔"

تھرڈ امپائر نے گراؤنڈ میں موجود امپائر کا فیصلہ بدلتے ہوئے اسے ناٹ آؤٹ قرار دیا۔

تھرڈ امپائر کے فیصلے پر کیویز کھلاڑی ناخوش دکھائی دیے اور 34 رنز بنانے والے تمیم اقبال کو ایک اور اننگز ملی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا سیکشن 33 اعشاریہ تین کہتا ہے کہ کیچ کو اسی صورت میں مکمل ہو گا جب گیند کھلاڑی کے ہاتھ میں ہو گی اور بالر کا اس پر مکمل کنٹرول ہو گا۔

تاہم سابق کیویز آل راؤنڈر اسکاٹ اسٹائرس نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یاد نہیں ہے کہ آخری مرتبہ ایسا ناٹ آؤٹ کب دیا گیا تھا۔

بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان تمیم اقبال کے کیچ سے ایک تنازع نے تو جنم لیا لیکن اس میچ میں مہمان بنگلہ دیش کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے۔ میزبان کیویز ٹیم نے ہدف 49 ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کیا۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کو تین میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG