رسائی کے لنکس

خفیہ سوئس بینک کھاتے جلد شائع کیے جائیں گے: اسانج


17 جنوری، 2011، لندن: سابق سوئس بینکر روڈالف ایلمر وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج کو سوئس اکاؤنٹس سے متعلق معلومات سے بھری ہوئی دو سی ڈیاں دے رہے ہیں
17 جنوری، 2011، لندن: سابق سوئس بینکر روڈالف ایلمر وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج کو سوئس اکاؤنٹس سے متعلق معلومات سے بھری ہوئی دو سی ڈیاں دے رہے ہیں

سوئٹزر لینڈ کے ایک سابق بینکار نے پیر کے روز ہزاروں خفیہ بینک اکاؤنٹس کی دستاویزات وکی لیکس کے حوالے کیں۔ خبروں کے مطابق یہ اکاؤنٹس ٹیکس بچانے کے لیے سوئٹزرلینڈ کے خفیہ بینک کھاتوں کی پناہ حاصل کرنے والے سیاست دانوں اور ا ہم شخصیات کے ہیں جن کا تعلق دنیا بھر سے ہے۔

روڈلف ایلمر نے خفیہ کھاتوں کی معلومات پر مبنی سی ڈیز وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کے حوالے کیں ،جنہوں نے کہا ہے کہ تصدیق کے بعد ان کی ویب سائٹ ان خفیہ کھاتوں کو منظر عام پر لے آئے گی۔ ایلمر نے سی ڈیز لندن کے فورٹ لائن کلب میں اسانج کے سپرد کیں۔

اسانج نے کہا ہے کہ ان معلومات کی اشاعت میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں اور یہ کہ ان کی ٹیم متعلقہ معلومات سنگین جعل سازی کی چھان بین سے متعلق برطانوی ادارے کے حوالے کرسکتیں ہیں۔

روڈلف ایلمر نے یہ معلومات اس وقت جمع کرنی شروع کی تھیں جب وہ سوئٹزر لینڈ کے ایک اہم ترین پرائیویٹ بینک جولیس بائر سے منسلک ایک ٹرسٹ کے لیے کام کرتے تھے۔ اب وہ اس سے الگ ہوچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وکی لیکس کے حوالے کی جانے والی سی ڈیز میں تقریباً دو ہزار کھاتہ داروں کا ریکارڈ ہے جن کے 1990ء سے2009ء کے دوران بینک میں اکاؤنٹ تھے۔ انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کے بینکوں کی رازداری کے قوانین معاشرے کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

ایلمر بدھ کے روز سوئٹزلینڈ کے بینکوں کی رازداری سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں بدھ کے روز ایک سوئس عدالت میں پیش ہورہے ہیں۔

وکی لیکس کے بانی اسانج کا کہنا ہے کہ وہ سی ڈیز میں موجود تمام معلومات شائع کرے گی۔

ان دنوں اسانج اپنے گھر میں نظر بندہیں اور وہ خود کو زبردستی سویڈن میں بھیجے جانے کے حکم کے خلاف مقدمہ لڑرہے ہیں جہاں انہیں جنسی زیادتی کے الزامات کا سامنا ہے۔

XS
SM
MD
LG