رسائی کے لنکس

ول اور جیڈ اسمتھ نئی فلم میں ایک ساتھ


ول اور جیڈ اسمتھ (اداکار باپ بیٹا)
ول اور جیڈ اسمتھ (اداکار باپ بیٹا)

جیڈن آفٹر ارتھ سے قبل بھی 2008 میں 'پرسیوٹ آف ہیپنیس 'فلم میں ول اسمتھ کے بیٹے کا کردار نبھا چکے ہیں ۔

آسکر ایواڈ یافتہ اداکار ول اسمتھ ہالی ووڈ کی نئی سائنس فکشن فلم میں اپنے اداکار بیٹے کے ساتھ جلوہ گر ہو رہے ہیں۔

رواں ہفتے سائی فائی فلم آفٹر ارتھ After Earth)) کا نیویارک میں پریمیئر شو ہوا ، جس میں فلم کے ہیرو 44 سالہ اداکار ویل اسمتھ کے ساتھ ان کے 14 سالہ بیٹے جیڈن اسمتھ نے بھی شرکت کی ۔جبکہ ریڈ کارپٹ پر ول اسمتھ اور جیڈن اسمتھ کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کے اہل خانہ بھی موجود تھے ۔

جیڈن آفٹر ارتھ سے قبل بھی 2008 میں 'پرسیوٹ آف ہیپنیس 'فلم میں ول اسمتھ کے بیٹے کا کردار نبھا چکے ہیں ۔ جبکہ اس بار دونوں باپ بیٹے کے رشتے کی کشمکش کو فلم کا موضوع بنایا گیا ہے ۔ فلم کی کہانی میں آج سے ایک ہزار برس بعد کی منظر کشی کی گئی ہے جب زمین انسان کے لیے خطرناک جگہ بن جائے گی اور وہ پناہ کے لیے دوسرے سیارے پر چلا جائے گا ۔

ول اسمتھ کا خاندان شو بزنس کی دنیا میں اپنی ایک پہچان رکھتا ہے ان کی بیوی جیڈ پنکٹ ہالی وڈ کی ادکارہ رہ چکی ہیں جو آفٹر ارتھ کے پروڈیوسرز میں بھی شامل ہیں جبکہ ان کے بچے بہت کم عمری سے شوبزنس کی دنیا میں قدم رکھ چکے ہیں ۔

نیویارک کے ایک میگزین' ولچر ' کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں ول اسمتھ نے کہا '' لوگوں کا خیال ہے کہ ہم اپنے بچوں پر اپنی پسند مسلط کر رہے ہیں جبکہ ایسا ہر گز نہیں ہے ۔''

'آئی ایم لیجنڈ 'جیسی مقبول فلم کے ہیرو کا کہنا تھا کہ'' وہ ہر گز روایتی والدین میں سے نہیں ہیں اور نہ ہی انھوں نے کسی کو اپنا چہرہ پوسٹر کے لیے دینے کی طرف راغب کیا ہے ،فلموں میں اداکاری کرنے کا فیصلہ جیڈن نے خود کیا ہے ۔''

جبکہ انھوں نے تسلیم کیا کہ انھیں جیڈن کے فیصلے سے خوشی ہوئی ہے ’’کیوں کہ ،اگر وہ ڈینٹیسٹ بننے کی خواہش کا اظہار کرتا تو میں اس فیلڈ میں اس کی مدد نہیں کر پاتا لیکن شوبزنس کی دنیا کے حوالے سے میری بہت سے فلم ساز ، ہدایتکار اور اداکاروں سے واقفیت ہے جوہالی ووڈ فلم انڈسٹری میں میرے بیٹے کے لیے مددگار ثابت ہو سکتے ہیں ۔‘‘

ول اسمتھ کا کہنا تھا کہ ،ان کی 12 سالہ بیٹی ولو اسمتھ جو فلم آئی ایم لیجنڈ میں اداکاری کر چکی ہیں جب انھوں نے گلوکارہ بننے کی خواہش کا اظہار کیا تو انھوں نے ان کے فیصلے کی قدر کی جو آج ایک پاپ سنگر کی حیثیت سے شو بزنس میں اپنی پہچان بنا رہی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ، وہ بچوں کو سزا دینے کے حق میں نہیں ہیں اسی لیے انھوں نے اپنے بچوں میں اعتماد پیدا کرنے کی کوشش کی ہے یہ ہی وجہ ہے کہ میرے بچے بہت کم عمری میں اپنے فیصلے خود کرنے کے قابل ہو گئے ہیں ۔

ول اسمتھ کو سائی فائی فلموں کا اصل ہیرو بھی کہا جاتا ہے ان کی کامیاب فلموں میں آئی روبوٹ ، بیڈ بوائے اور ہین کوک کے علاوہ متعدد ٹی وی شوز اور ہٹ سنگلز شامل ہیں جبکہ جیڈن اسمتھ اس سے قبل 'کراٹے کڈز' اور' پرسیوٹ آف ہیپنیس ' میں بھی اداکاری کر چکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG