رسائی کے لنکس

برطانیہ: ’ونٹر فرینڈ‘، سردیوں میں معمر افراد کی دیکھ بھال کی اپیل


این ایچ ایس کی ویب سائٹ پر 'ونٹر فرینڈ' کے نام سے شروع کی جانے والی مہم میں ایک لاکھ افراد سے سردیوں کے موسم میں تنہا زندگی گزارنے والے معمر پڑوسیوں کی دیکھ بھال کا وعدہ لیا گیا ہے۔

قومی ادارہ ِصحت کے حکام کی جانب سے این ایچ ایس کی ویب سائٹ پر ایک غیر معمولی اپیل کی گئی ہے۔ہیلتھ افسران نے موسم سرما میں تنہا رہنے والے معمر پڑوسیوں کے حوالے سے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ ، اس موسم سرما میں وہ ایک مخلص اور انسان دوست ہونے کے ناطے اپنے پڑوسیوں کی دیکھ بھال کا وعدہ کریں اس سلسلے ادارہ صحت کو ہمدرد لوگوں کی خدمات کی سخت ضرورت ہے ۔

این ایچ ایس کی ویب سائٹ پر 'ونٹر فرینڈ ' کے نام سے شروع کی جانے والی مہم میں ایک لاکھ افراد سے سردیوں کے موسم میں تنہا زندگی گزارنے والے معمر پڑوسیوں کی دیکھ بھال کا وعدہ لیا گیا ہے کہ وہ اپنی مصروفیات میں سے کچھ وقت کے لیے اپنے قریبی پڑوسیوں کی مدد کریں گے جن کی مدد کے لیے کوئی موجود نہیں۔

برطانیہ کے قومی ادارہ ِ صحت کا کہنا ہے کہ برطانوی شہریوں کو اپنی قدیم روایات کو دہراتے ہوئے اسی جذبے کے تحت موسم ِسرما میں اپنے آس پاس رہنے والے معمر افراد کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے اور الگ تھلگ رہنے والے بزرگ حضرات کا حال چال معلوم کرتے رہنا چاہیئے اور ان کی ضروریات کا خیال رکھنا اب آپ کی ذمہ داری ہے۔

محکمہ ِصحت کے حکام کی اپیل ان خدشات کا اظہار کرتی ہے کہ موسم ِسرما میں وسائل کی کمی کی بنا پر قومی ادارہ ِ صحت مسائل کا شکار ہے اور ممکنہ بد ترین صورتحال کے حوالے سے این ایچ ایس کی شدید تشویش کو ظاہر کرتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں گذشتہ برس اکتیس ہزار افراد کی ہلاکتیں شدید سردی کے باعث واقع ہوئی تھیں۔ یہ لوگ تنہا زندگی گزار رہے تھے جن میں سے زیادہ تر افراد کی عمریں 75 برس سے زائد تھیں اور جن کی زندگیوں کو شاید کوئی انسان دوست بچا سکتا تھا۔ اس مہم کو برطانوی اخبار ڈیلی میل اور دی ٹیلی گراف کا تعاون حاصل ہے جبکہ اب تک کئی نامور شوبزنس کی شخصیات آن لائن اپیل پر دستخط کرنے کے بعد موسم سرما میں بزرگوں کا خیال رکھنے کا وعدہ کر چکی ہیں۔

برطانوی ادکارہ جوانا لملےجو اس مہم میں شامل ہونے والی اولین شخصیت ہیں کہتی ہیں کہ، ’اگرچہ موسم ِسرما جوان افراد کے لیے ایک دلفریب موسم ہے لیکن کمزور اور معمر افراد اس موسم میں شدید تکلیف سے دوچار دکھائی دیتے ہیں۔ آپ کا یہ قیمتی وقت جو آپ کسی کی عیادت یا خدمت میں گزاریں گے اس کا آپ کو صلہ بھی ملے گا کیونکہ بزرگ اگرچہ جسمانی طور پر کمزور ہوتے ہیں لیکن ان کے پاس دینے کے لیے آپ کو ساری زندگی کا تجربہ موجود ہوتا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ میں فخر سے کہہ سکتی ہوں کہ میں ونٹر فرینڈ میں آپ کی ساتھی ہوں‘۔
XS
SM
MD
LG