رسائی کے لنکس

2018ء کے سرمائی اولمپکس جنوبی کوریا میں ہونگے


2018ء کے سرمائی اولمپکس جنوبی کوریا میں ہونگے
2018ء کے سرمائی اولمپکس جنوبی کوریا میں ہونگے

2018ء کے سرمائی اولمپکس جنوبی کوریا کے شہر پیانگ چنگ میں منعقد ہونگے۔

اس بات کا اعلان جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں جاری ا'نٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی' کے اجلاس میں بدھ کے روز کیا گیا۔

ایونٹ کی میزبانی کیلیے پیانگ چنگ کا مقابلہ جرمنی کے شہر میونخ اور فرانس کے شہر انیسے سے تھا۔ تاہم 'آئی او سی' کے ارکان کی اکثریت نے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول سے 180 کلومیٹر مشرق میں واقع سیاحتی شہر کے حق میں ووٹ دیا۔

سرمائی اولمپکس کی میزبانی کیلیے پیانگ چنگ کی یہ مسلسل تیسری پیشکش تھی۔ اس سے قبل 2010ء کے اولمپکس کیلیے اسے کینیڈا کے شہر وینکوور سے شکست کھانی پڑی تھی جبکہ 2014ء کے ایونٹ کیلیے روس کے شہر سوچی کا انتخاب کیا گیاتھا۔

دوڑ میں شامل میونخ وہ پہلا شہر قرار پانے سے محروم رہا جسے سرمائی اور گرمائی دونوں اولمپکس کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوتا۔

پیانگ چنگ کی جانب سے سرمائی اولمپکس کی میزبانی کی مہم اس دلیل کی بنیاد پر چلائی گئی تھی کہ خطے میں ایونٹ کے ایک بار پھر انعقاد سے ایشیاء میں سرمائی کھیلوں کو فروغ ملے گا۔

واضح رہے کہ سرمائی اولمپکس کی میزبانی کا اعزا ز حاصل کرنے والا جاپان واحد ایشیائی ملک ہے جہاں 1972ء میں سپورو اور 1998 میں نگانو کے مقامات پر ان ایونٹس کا انعقاد ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG