رسائی کے لنکس

وسکونسن کے گورنر کا صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان


فائل
فائل

سینتالیس سالہ واکر آئندہ سال کے صدارتی انتخاب کے لیے ری پبلکن جماعت کی نامزدگی کے 15 ویں امیدوار ہیں۔

امریکہ کی ریاست وسکونسن کے ری پبلکن گورنر اسکاٹ واکر نے 2016ء کے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

سینتالیس سالہ واکر آئندہ سال کے صدارتی انتخاب کے لیے ری پبلکن جماعت کی نامزدگی کے 15 ویں امیدوار ہیں۔ ان سے قبل 14 ری پبلکن رہنما صدارتی انتخاب کے لیے پارٹی کی نامزدگی کے حصول کی غرض سے اپنی مہم شروع کرچکے ہیں۔

اسکاٹ واکر نے انتخابی مہم میں حصہ لینے کا اعلان پیر کو جاری کی جانے والی ایک ویڈیو میں کیا ہے جس میں انہوں نے بطور گورنر اپنی کامیابیاں گنواتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ امریکہ کو ایک بار پھر عظیم مملکت بنائیں گے۔

وہ پیر کی شب وِسکونسن کے جنوب مشرقی قصبے ووکیشا میں ایک انتخابی ریلی کے ذریعے اپنی انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کریں گے۔

انتہائی روایت پسند عقائد کے حامل اسکاٹ واکر وسکونسن کی پڑوسی ریاست آئیووا میں بہت مقبول ہیں جہاں آئندہ سال فروری میں صدارتی الیکشن کے امیدواروں کے انتخاب کا پہلا مرحلہ منعقد ہوگا۔

اسکاٹ واکر نے اس سے قبل قومی سطح کے کسی انتخاب میں حصہ نہیں لیا ہے لیکن وسکونسن جیسی ڈیموکریٹ پارٹی کی حامی ریاست میں 2010ء کے بعدسے مسلسل تین انتخابات میں کامیابی نے انہیں ری پبلکن حلقوں میں متعارف اور مقبول کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اسکاٹ واکر سرکاری ملازمین کے انجمن سازی کے حق کے سخت مخالف ہیں اور ری پبلکن نظریات کے ساتھ گہری وابستگی اور ڈیموکریٹس کی کڑی مخالفت کے باعث سیاسی تجزیہ کار انہیں امریکہ کا سب سے زیادہ "یک طرفہ گورنر" قرار دیتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG