رسائی کے لنکس

کراچی: نامعلوم افراد کی فائرنگ، خاتون سماجی کارکن ہلاک


نامعلوم افراد نے ایک موٹر گاڑی پر گولیاں چلائیں، جس واقع میں سبین محمود ہلاک ہوئیں

جمعے کے روز کراچی کے ڈفینس کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شہر کی ایک سماجی کارکن، سبین مجمود کو نشانہ بنایا، جس میں خاتون سماجی کارکن موقع ہی پر ہلاک ہوگئیں، جبکہ ان کی والدہ زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق، سبین محمود ڈفینس فیز ٹو میں قائم اپنے سماجی ادارے سے ایک سیمینار ختم کرکے والدہ کے ہمراہ اپنی گاڑی میں گھر واپس جارہی تھیں کہ نامعلوم افراد نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا جسمیں وہ ہلاک ہوئیں۔

بتایا جاتا ہے کہ سبین محمود کو اس سے قبل دھمکی آمیز پیغامات موصول ہو رہے تھے۔ ان کے فون کا ڈیٹا حاصل کرکے واقعے کی تحقیقات کیجائیں گی۔ کراچی پولیس سربراہ، غلام قادر تھیبو نے سبین محمود کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔

سبین محمود گزشتہ کئی برس سے ڈفینس کے علاقے میں 'دی سیکنڈ فلور' نامی ایک نجی سطح کا سماجی ادارہ چلا رہی تھیں، جہاں شہر کے سماجی و ثقافتی پروگرام منعقد کئےجاتے تھے۔

جمعے کو بھی اسی طرز کا ایک پروگرام بلوچستان کے لاپتہ افراد کیلئے 'ان سائلنس آف بلوچستان‘ کے نام سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا تھا، جس کے اختتام کے بعد واپس آتے ہوئے، ادارے کی ڈائریکٹر کو نشانہ بنایا گیا۔

XS
SM
MD
LG