رسائی کے لنکس

سیلفی کا جان لیوا شوق، کروز شپ کے سفر پر تاحیات پابندی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سیر و تفریح کا ماحول حادثے میں تبدیل ہوتے ہوتے بچا، جب کروز شپ کی پانچویں منزل کے کمرے کی بالنی سے ساتھی مسافر کی ایک خاتون پر نظر پڑی جو سیلفی لینے کے شوق میں گرتے گرتے بچیں۔

خاتون جہاز کی پانچویں منزل پر اپنے کمرے سے باہر دھات کی پتلی خوفناک سلاخ سے لٹکی ہوئی کھڑی تھیں، اور نیچے کھلا سمندر تھا۔ دیکھ کر دہشت ہو رہی تھی۔

بالکنی سے یہ انوکھا منظر دیکھنے والے مسافر، پیٹر بلوسک نے پہلے اُس نامعلوم خاتون کی تصویر لی اور پھر فوری طور پر جہاز کے عملے کو چوکنا کیا۔

بعدازاں، جب کروز شپ جمیکا کی فلے ماؤتھ بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا، بلوسک نے سی این این کو بتایا کہ یہ منظر دیکھ کر خوف کے مارے میرے اوسان خطا ہو رہے تھے۔

بلوسک نے بتایا کہ ’’میں نے دیکھا کہ ایک خاتون کروز شپ کے باہر ریلنگ سے لٹک کر کھڑی تھی۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ وہ کرنا کیا چاہتی ہیں؟ میں نے عملے کو چوکنا کیا۔ اگر میں زور سے بولتا، کچھ کہتا، تو عین ممکن تھا کہ وہ خوف کے مارے کھسک کر سمندر میں گر پڑتیں، جو اذیت ناک معاملہ ہوتا‘‘۔

عملے نے لٹکی ہوئی خاتون کو اس وقت ریسکیو کیا جب کروز شپ پلے ماؤتھ پر لنگر انداز ہوا۔

کچھ دیر بعد، بلوسک نے یہ تصویر سوشل میڈیا پر ڈالی جس میں نیلے رنگ کے باتھنگ سوٹ میں ملبوس خاتون، جنھوں نے اپنے ہاتھوں سے ریلنگ کو پکڑا ہوا تھا، کروز شپ کی پانچویں منزل پر کھلی ہوا میں لٹکی ہوئی تھیں۔

یہ ایک خوفناک فلمی منظر تھا جو گزشتہ ہفتے ہیٹی کے قریب لبادی کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ’روئل کیریبین‘ کا کروز شپ، ’ایلور آف دی سی‘ لنگر انداز ہونے کے چند میل دور تھا۔

کروز شپ کے ترجمان نے سی این این سے بات کرتے ہوئے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔

اسے کہتے ہیں سیلفی کا شوق۔ اور قدردان کہتے ہیں کہ ’’شوق دا کوئی مل نئیں‘‘۔

XS
SM
MD
LG