رسائی کے لنکس

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو پہلے ٹی20 میں 15 رنز سے شکست


پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنا سکی۔ یوں یہ میچ نیوزی لینڈ نے 15 رنز سے جیت لیا۔

شارجہ میں بدھ کے روز کھیلے گئے چار ٹی ٹوینٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم کو 15 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کر لی ہے۔

اس میچ میں نیوزی لینڈ کی طرف سے صوفی ڈیوائن نے 29 گیندوں پر 41 رنز کی تیز اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت کیلئے بنیاد رکھ دی۔ بعد میں بالنگ کرتے ہوئے ڈیوائن نے پاکستان کی اوپنر عائشہ ظفر کی وکٹ بھی حاصل کی۔

پاکستان کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے 147 رنز کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز عائشہ ظفر اور ناہیدہ خان نے 44 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ دونوں کھلاڑیوں کے ساتویں اور آٹھویں اوور میں آؤٹ ہو جانے کے بعد کپتان بسمہ معروف اور جویریہ خان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں45 گیندوں پر 47 رنز بنا کر صورت حال کو سنبھالا۔ تاہم بسمہ معروف کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کو آخری پانچ اوورز میں 54 رنز کی ضرورت تھی۔اس موقع پر نیوزی لینڈ کی تیز بالر تھیم سن نیوٹن اور اسپنرز نے پاکستانی بیٹسمین کو کھل کر کھیلنے نہ دیا اور پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنا سکی۔ یوں یہ میچ نیوزی لینڈ نے 15 رنز کے فرق سے جیت لیا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے جب اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی کپتان سوزی بیٹس پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے آئمہ انور کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئیں۔ لیکن پھر ڈیوئن اور پرکنز کے درمیان 68 رنز کی شراکت ہوئی جس کے باعث نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک اچھا ہدف دینے میں کامیاب ہوئی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے وکٹ کیپر بیٹس وومن مارٹن نے 27 گیندوں پر 46 ، ڈیوائن نے 29 گیندوں پر 41 اور پرکنز نے 31 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے لیگ اسپنر سعدیہ یوسف نمایاں بالر رہیں ۔ اُنہوں نے 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

XS
SM
MD
LG