رسائی کے لنکس

ٹوکیو، سنگاپور، نیویارک سیاحوں کے پسندیدہ شہر قرار


نیویارک شہر کا ایک فضائی منظر
نیویارک شہر کا ایک فضائی منظر

ایک سیاحتی ویب سائٹ کی جانب سے دنیا کے 40 بڑے شہروں کے بارے میں کیے جانے والے اس سروے کے لیے 75 ہزار سیاحوں اور مقامی افراد کی آراء لی گئی ہیں۔

سیاحوں کی آراء پر مشتمل ایک حالیہ سروے کے مطابق ٹوکیو دنیا کا صاف اور خوب صورت ترین جب کہ ممبئی گندا ترین شہر ہے جب کہ امریکہ کے شہر نیو یارک کو 'شاپنگ' کے لیے بہترین قرار دیا گیا ہے۔

'ٹرپ ایڈوائزر' نامی سیاحتی ویب سائٹ کی جانب سے دنیا کے 40 بڑے سیاحتی شہروں کے بارے میں کیے جانے والے اس سروے کے لیے 75 ہزار سیاحوں اور مقامی افراد کی آراء لی گئی ہیں۔

سروے میں شریک افراد سے ان شہروں میں شاپنگ کے مواقع، سیاحوں کے ساتھ مقامی آبادی اور ٹیکسی ڈرائیوروں کا برتائو، صفائی ستھرائی، سیکیورٹی اور 'پبلک ٹرانسپورٹ' سمیت دیگر امور سے متعلق سوالات کیے گئے تھے۔
روس کا دارالحکومت ماسکو
روس کا دارالحکومت ماسکو

سروے کے نتائج کے مطابق جاپان کا دارالحکومت ٹوکیو ٹیکسی ڈرائیوروں کے برتائو، ٹیکسی سروس اور دیگر 'پبلک ٹرانسپورٹ' کے معیار اور صفائی ستھرائی کے معاملے میں پہلے نمبر پر آیا ہے جب کہ سیاحوں کی اکثریت اسے 'محفوظ ترین شہر' بھی سمجھتی ہے۔

مقامی آبادی کے سیاحوں کے ساتھ برتائو کے معاملے میں بھی ٹوکیو دوسرے نمبر پر ہے جب کہ اس فہرست میں پہلا نمبر میکسیکو کے شہر کینکن نے حاصل کیا ہے جس کی مقامی آبادی 40 بڑے سیاحتی شہروں میں سب سے زیادہ 'خوش اخلاق' قرار پائی ہے۔

اس کے برعکس روس کے دارالحکومت ماسکو کے شہریوں کا سیاحوں کے ساتھ برتائو سب سے خراب قرار دیا گیا ہے جب کہ لندن کے مقامی باشندے بداخلاقی میں دوسرے نمبر پر آئے ہیں۔

ماسکو کی ٹیکسی سروس کے معیار اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے برتائو کو بھی 40 شہروں کی فہرست میں آخری درجہ ملا ہے جب کہ 'شاپنگ' کے مواقع کے اعتبار سے بھی یہ شہر سیاحوں کے لیے سب سے ناپسندیدہ قرار پایا ہے۔
ممبئی کا مشہور تاج محل ہوٹل
ممبئی کا مشہور تاج محل ہوٹل

تاہم روسی دارالحکومت ان 10 یورپی شہروں میں دوسرے نمبر پر ہے جو سروے کے نتائج کے مطابق غیر ملکی سیاحوں میں تیزی سے مقبول ہورہے ہیں۔ اس فہرست میں پہلا نمبر یوکرائن کے دارالحکومت 'کیو' کا ہے۔

سروے میں شریک افراد نے نیویارک کو 'شاپنگ' کے لیے بہترین شہر قرار دیا ہے لیکن صفائی ستھرائی کے معاملے میں نیویارک 40 شہروں میں 28ویں نمبر پر ہے۔ شاپنگ کے لیے بہترین قرار دیے گئے دوسرے شہرو ں میں دوسرے نمبر پر تھائی لینڈ کا دارالحکومت بینکاک اور تیسرے نمبر پر عرب ریاست دبئی ہیں۔

سروے میں بھارت کے معاشی مرکز اور 'بالی ووڈ' کے گھر ممبئی کو 40 بڑے سیاحتی شہروں میں سب سے گندا قرار دیا گیا ہے جب کہ عرب ملک مراکش کا دارالحکومت 'مراکش' گندے شہروں میں دوسرے نمبر پر ہے۔
سیاحوں سے بھری ایک کشتی دریائے سنگاپور سے گزر رہی ہے
سیاحوں سے بھری ایک کشتی دریائے سنگاپور سے گزر رہی ہے

پرتگال کے دارالحکومت 'لِزبن' کو کفایت شعاری کے لیے بہترین سیاحتی شہر قرار دیا گیا ہے جب کہ سیاحوں کی اکثریت نے ناروے کے دارالحکومت اوسلو کو سروے میں شامل شہروں کے مقابلے میں سب سے مہنگا قرار دیا ہے۔ مہنگائی میں ماسکو اور سوئٹزرلینڈ کا شہر زیورخ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

ممبئی سیاحوں کے گھومنے پھرنے کے لیے بھی سب سے مشکل شہر قرار پایا ہے جہاں سروے کے مطابق سیاحوں کے لیے کسی مقام پر بآسانی پہنچنا بہت ہی مشکل ہے۔ اس کے مقابلے میں سوئٹزرلینڈ کا شہر زیورخ، آسٹریا کا شہر ویانا اور سنگاپور ایسے مقامات قرار دیے گئے ہیں جہاں سیاح بآسانی گھوم پھر سکتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG