رسائی کے لنکس

کون خوش، کون ناخوش: نئی فہرست جاری


مصر کے اس شخص کے لیے سب سے زیادہ خوشی کی بات اپنی بیٹی سے کھیلنا ہے۔ (فائل فوٹو)
مصر کے اس شخص کے لیے سب سے زیادہ خوشی کی بات اپنی بیٹی سے کھیلنا ہے۔ (فائل فوٹو)

رپورٹ کے سرکردہ مصنف جان ہولیویل کہتے ہیں کہ " یہ انسانوں سے جڑی چیزیں ہیں جو اہمیت رکھتی ہیں۔"

خوشی کا پیمانہ کیا اور اس کا تعلق کن چیزوں سے ہے؟ اس بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ دولت مند ہونے کا خوشی سے تعلق ضروری نہیں بلکہ انسان کے اپنے سماج سے جڑے رہنے میں خوشی کے راز پنہاں ہیں۔

خوشی کو جانچنے کی بات بظاہر غیر سنجیدہ معلوم ہوتی ہے، لیکن اس کا جائزہ لینے والوں میں انتہائی سنجیدہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین شامل ہیں جو اس ضمن میں لوگوں کی جذباتی کیفیات کے جائزے پر زور دیتے آئے ہیں۔

خوشی کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے تعاون سے ماہرین کی مرتب کردہ سالانہ رپورٹ کے مطابق اس وقت ناروے دنیا کے خوش ممالک میں سر فہرست ہے جب کہ امریکہ پچھلے سالوں کی نسبت اس فہرست میں نچلی پوزیشن پر آتا جا رہا ہے۔

ناروے میں ایک فنکار لکڑی کو تراش کر دلکش نمونہ تیار کر رہا ہے
ناروے میں ایک فنکار لکڑی کو تراش کر دلکش نمونہ تیار کر رہا ہے

رپورٹ میں کہا گیا کہ ناروے کی معیشت کا دارومدار زیادہ تر تیل کے وسائل پر ہے اور اس کی قیمتوں میں کمی کے باوجود یہ 155 ممالک کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر حاصل کرنے میں کامیاب رہا جب کہ امریکہ میں گزشتہ ایک دہائی سے آمدن میں اضافہ ہوا لیکن یہ بدستور خوشی کے معاملے میں تنزلی کا شکار ہے۔

رپورٹ کے سرکردہ مصنف جان ہولیویل کہتے ہیں کہ " یہ انسانوں سے جڑی چیزیں ہیں جو اہمیت رکھتی ہیں۔"

لیکن ان کا کہنا کہ پیسہ کسی حد تک خوش رہنے کے لیے ضروری بھی ہے جس کا اندازہ ان ممالک کے لوگوں کے لیے گئے جائزے سے لگایا گیا جو اس فہرست کے سب سے نیچے ہیں اور غربت کے شکار ہیں۔

وسطی جمہوریہ افریقہ میں ایک مزدور گھر کی تعمیر میں مصروف ہے
وسطی جمہوریہ افریقہ میں ایک مزدور گھر کی تعمیر میں مصروف ہے

ان میں وسطی جمہوریہ افریقہ سب سے کم خوش ملک ہے جس سے کچھ اوپر فہرست میں برونڈی، تنزانیہ، شام اور روانڈا براجمان ہیں۔

2012ء میں لوگوں کی خوشی کے بارے میں فہرست مرتب کرنے کا آغاز کیا گیا تھا لیکن اس تحقیقات کے لیے ممالک کی دہائیوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جاتا رہا ہے۔

فہرست میں ممالک کا شمار لوگوں کو دستیاب فی کس مقامی اشیا، صحت مند رجحانات اور لوگوں سے ان کی خوشی کی شرح کی درجہ بندی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ گزشتہ فہرست میں ڈنمارک سب سے خوش ملک تھا جب کہ اس بار یہ دوسرے نمبر پر ہے۔

پہلے دس خوش ممالک میں اس کے بعد بالترتیب آئس لینڈ، سوئٹزرلینڈ، فن لینڈ، نیدرلینڈز، کینیڈا، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور سویڈن شامل ہیں۔

امریکہ کا فہرست میں چودھواں نمبر ہے۔

پاکستان اپنے خطے کے دیگر ممالک سے زیادہ خوش ملک قرار دیا گیا ہے جو 80 ویں پوزیشن پر ہے۔ بھارت 122، بنگلہ دیش 110، افغانستان 141 نمبر پر براجمان ہیں۔

چین کی پوزیشن اس فہرست میں اکیسویں ہے۔

رپورٹ کے مصنف ہولیویل کے نزدیک جو کام کرنا آپ کو پسند ہے وہ کریں تو یہ خوشی کے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

XS
SM
MD
LG