رسائی کے لنکس

یونان کے مالی بحران سے متعلق یورپی یونین کا اہم اجلاس


وزیراعظم سیپراس اور نامزد وزیر خزانہ
وزیراعظم سیپراس اور نامزد وزیر خزانہ

وائٹ ہاوس کے ترجمان جوش ارنسٹ کا کہنا ہے کہ یہ یورپ اور امریکہ کے مشترکہ مفاد میں ہے کہ "یونان بیل آوٹ کے کسی نئے معاہدے تک پہنچے۔"

یورپی یونین کا منگل کو اہم اجلاس ہو رہا ہے جس میں یونان کے معاشی مستقبل کے بارے میں فیصلہ متوقع ہے اور اس بات کا تعین بھی کیا جائے گا کہ قرض سے تباہ حال اس ملک کے بینک رواں ہفتے کھلیں گے یا یہ بند ہی رہیں گے۔

پیر کو ایتھنز پر اس وقت دباو میں مزید اضافہ ہوا جب یورپی مرکزی بینک نے یونان کے بینکوں کو ہنگامی قرض نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا۔

بیرونی مدد کے بغیر توقع کی جا رہی ہے کہ یونان کے بینکوں میں بدھ تک سرمایہ ختم ہو جائے گا جب کہ رواں ماہ کے اواخر تک یورپی قرض خواہوں کو اربوں ڈالر کی رقم بھی ادا کرنی ہے۔

جرمنی کی چانسلر آنگیلا مرخیل نے پیر کو پیرس میں فرانس کے صدر فرانسواں اولاند کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونان کے مالی بحران سے نکلنے کے لیے پیکج کی شرائط "تاحال پوری نہیں ہوسکی ہیں۔"

انھوں نے یونانی رہنماوں پر زور دیا کہ وہ یوروزون میں رہنے کے لیے قرض خواہوں کے ساتھ کسی معاہدے پر سرعت سے کام کریں۔

اتوار کو یونان کے عوام نے مالی بحران سے نکلنے کے لیے قرض خواہوں کی طرف سے مزید سخت اصلاحات کی شرائط ماننے سے انکار کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ بحران یونان کو 19 رکنی یورو کرنسی بلاک سے نکلنے پر مجبور کر سکتا ہے جو کہ اس بلاک کی 16 سالہ تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا موقع ہوگا۔

یونان کے وزیراعظم ایلکسس سیپراس نے بیل آوٹ پروگرام پر اپنے مذاکرات کار یوکلڈ ساکالوس کو نیا وزیر خزانہ نامزد کر دیا ہے۔

ادھر واشنگٹن میں وائٹ ہاوس کے ترجمان جوش ارنسٹ کا کہنا ہے کہ یہ یورپ اور امریکہ کے مشترکہ مفاد میں ہے کہ "یونان بیل آوٹ کے کسی نئے معاہدے تک پہنچے۔"

XS
SM
MD
LG