رسائی کے لنکس

راشد خان سمیت تین ٹاپ رینکنگ کھلاڑی بگ بیش لیگ میں شامل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دنیا کے تین سرِ فہرست رینک کے حامل ٹی 20 کھلاڑی آسٹریلین بگ بیش لیگ میں شامل ہو گئے ہیں۔ ان میں تازہ ترین نام افغانستان کے اسپنر راشد خان کا ہے جنہوں نے جمعرات کو 'ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز' میں واپسی کی تصدیق کی ہے۔

راشد خان سے قبل انگلش بیٹسمین ڈیوڈ میلان نے 'ہوبارٹ ہریکینز' اور افغانستان کے آل راؤنڈر محمد نبی نے 'میلبرن رینیگیٹس' کی جانب سے بگ بیش کا حصہ بننے کا اعلان کیا تھا۔

ڈیوڈ میلان ٹی 20 رینکنگ کے سرِ فہرست بیٹسمین ہیں جب کہ محمد نبی ٹی 20 کے نمبر ون آل راؤنڈر اور راشد خان محدود اوورز کی کرکٹ کے نمبر ون بالر ہیں۔

راشد خان 'ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز' کی طرف سے کھیلیں گے۔ وہ 2017 میں پہلی مرتبہ ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کا حصہ بنے تھے۔

آٹھ فرنچائز پر مشتمل ٹورنامنٹ کا 10واں سیزن تین دسمبر سے شروع ہو گا اور ایونٹ کا فائنل چھ فروری کو کھیلا جائے گا۔

بگ بیش لیگ کے دسویں ایڈیشن میں سڈنی سکسرز اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

راشد خان کا کہنا ہے کہ وہ بگ بیش کے 10ویں سیزن کا حصہ بننے پر خوش ہیں اور وہ ایک بار پھر اسٹرائیکرز کے لیے کھیل سکیں گے۔

راشد خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'جب سے میں اسٹرائیکرز میں شامل ہوا ہوں یہ میرے لیے ایک کنبے کی طرح ثابت ہوا ہے۔ میں ان مداحوں کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے میرا ساتھ دیا اور یہ محسوس کرایا کہ جیسے ایڈیلیڈ ہی میرا گھر ہو۔'

بگ بیش کے دیگر کھلاڑیوں میں ایلکس ہیلز، ٹام بیٹن اور ٹام کوران کا نام بھی شامل ہے جو بالترتیب سڈنی تھنڈر، برسبین ہیٹ اورسڈنی سکسرز کا حصہ ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG