رسائی کے لنکس

جاپان میں دنیا کا معمر ترین شخص چل بسا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جاپان کے شمالی جزیرے ہو کائیڈو کے شہر اشورو کے رہائشی ماسازو نوناکا 113 برس کی عمر میں چل بسے۔ نوناکا کو ’’گینیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ‘‘ نے سپین کے فرانسسکو نونیزاولیویرہ کے گزر جانے کے بعد دنیا کے معمر ترین شخص کے طور پر تسلیم کیا تھا۔

نوناکا کے خاندان کا کہنا ہے کہ وہ ہفتے کے روز ہشاش بشاش تھے۔ تاہم ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کو سوتے ہوئے اُن کا انتقال ہو گیا۔ نوماکا کی پوتی یوکو نے جاپان کی کیودو نیوز ایجنسی کو بتایا کہ اتنی بڑی شخصیت کے اچانک گزر جانے سے وہ ششدر رہ گئیں۔ اُنہوں نے کہا کہ نوناکا کی موت بغیر کسی تکلیف کے انتہائی پرسکون انداز میں ہوئی۔

نوناکا جولائی 1905 میں پیدا ہوئے تھے۔

ماسازو نوناکا کو گزشتہ برس اپریل میں دنیا کا معمر ترین شخص قرار دیا گیا تھا
ماسازو نوناکا کو گزشتہ برس اپریل میں دنیا کا معمر ترین شخص قرار دیا گیا تھا

اُن کی اہلیہ اور تین بچے پہلے ہی انتقال کر چکے ہیں۔

نوماکا کا خاندان چار دہائیوں سے گرم پانی کے چشموں کا ریزارٹ چلاتا رہا ہے اور اُس کا کہنا ہے کہ نوماکا اپنے ریزارٹ میں گرم پانی کے چشمے سے لطف اندوز ہوتے تھے اور جاپان کی روایتی سومو کشتی کے مقابلے دیکھ کر خوش ہوتے تھے۔ وہ میٹھی چیزیں پسند کرتے تھے۔

جاپان میں اوسط عمر دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ نوماکا سے قبل دنیا کے ایک اور معمر ترین شخص کیرومون کیمورا 2013 میں 116 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG