رسائی کے لنکس

2014 ء نئی رومینٹک فلموں کا سال


سال 2014ء کو بھی رومینٹک فلموں کا سال کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔۔ لیکن، اس سال ریلیز ہونے والی فلموں کا انجام ’ہیپی اینڈنگ‘ پر ہوگا

بالی وڈ میں سال 2013ء میں باکس آفس پردھوم مچانے والی تقریباً ساری فلمیں رومینٹک تھیں، جن میں ہیرو ہیروئن ایک دوسرے کو پانے کے لئے سماج کی رسمیں توڑتے اور ایک دوسرے کے لئے جان دیتے دکھائی دئیے۔ کہانی جو بھی ہو، ان فلموں میں مشترکہ بات یہ رہی کہ زیادہ تر کا انجام ’ٹریجڈی‘ رہا۔

سال 2014 ءکو بھی رومینٹک فلموں کا سال کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔۔ لیکن، اس سال ریلیز ہونے والی فلموں کا انجام ’ہیپی اینڈنگ‘ پر ہوگا۔

بھارتی ویب سائٹ ’انڈیا ٹوڈے‘ نے رواں سال ریلیز ہونے والی رومینٹک فلموں کی جو لسٹ بنائی ہے اس میں کون کون سی فلمیں شامل ہیں، آ ئیے دیکھتے ہیں:

ہیپی اینڈنگ
رومینٹک کامیڈی فلم ’ہیپی اینڈنگ‘ میں سیف علی خان اور ایلینا ڈی کروز مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے۔ فلم کی کہانی بڑے شہر میں رہنے والے جوڑے اور ان کے تعلقات میں آنے والے اتارچڑھاوٴ پر مبنی ہے۔ اسے مزاحیہ انداز میں شائقین کے لئے پیش کیا گیا۔

ون بائی ٹو
’جب تک ہے جاں‘، ’بچنا اے حسینوں‘ اور ’آئشہ‘ جیسی فلموں کی رائٹر دیویکا بھگت، ڈائریکٹر کے روپ میں دکھائی دیں گی، ابھے دیول کی پروڈیوس کردہ فلم ’ون بائی ٹو‘ میں۔ فلم کے ہیرو ہیں ابھے دیول اور ان کی فلمی ہیروئن بھی وہی ہوں گی جو ان کی حقیقی زندگی میں گرل فرینڈ ہیں، یعنی پریتی ڈیسائی۔ فلم 31جنوری کو ریلیز ہوگی۔

ہنسی تو پھنسی
’ہنسی تو پھنسی‘ ایک اور رومینٹک کامیڈی ہے جس میں ہارٹ تھروب سدھارتھ ملہوترا رومنس کرتے دکھائی دیں گے۔ خوبصورت پرینیتی چوپڑہ کے ساتھ۔ سول سرونٹ گھرانے کے چشم و چراغ اور گجراتی گرل کی لو اسٹوری میں بہت سے ٹوئسٹ لوگوں کو ہنسنے پر مجبور کردیں گے۔

شادی کے سائیڈ افیکٹس
’پیار کے سائیڈ افیکٹس‘ کی کامیابی کے بعد، ڈائریکٹر ساکیت چوہدری کی نئی پیشکش ہے ’شادی کے سائیڈ افیکٹس‘ جس میں نئے شادی شدہ جوڑے کے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے۔ لیکن، ہلکے پھلکے انداز میں۔ فلم میں نئے جوڑے کا کردار ادا کیا ہے فرحان اختر اور ودیا بالن نے۔

رننگز شادی ڈاٹ کام
ہندو ہیرو اور سکھ ہیروئن کی لواسٹوری ’شادی ڈاٹ کام‘ کو ڈائریکٹ کیا ہے امیت رائے نے۔ فلم کی کاسٹ جانے مانے ستاروں کے بجائے نئے چہروں پر مشتمل ہے۔

ٹو اسٹیٹس
فلم ’ٹو اسٹیٹس‘ میں عالیہ بھٹ نظر آئیں گی تامل لڑکی کے روپ میں جبکہ ان کے ہیرو کے طور پر، ارجن کپور نبھائیں گے پنجاب کے گھبرو جوان کا رول۔ فلم کے ڈائریکٹر ابھیشیک ورمن کو توقع ہے کہ فلم ینگسٹرز کو بہت پسند آئے گی۔

ان تمام فلموں سے جڑے لوگوں کو امید ہے کہ رومینکٹ فلموں کا جادو اس بار پھر سر چڑھ کر بولے گا اور لوگ اپنے فیورٹ اسٹارز کو ان لو اسٹوریز میں دیکھنے کے لئے بھرپور انداز میں تھیٹرز کا رخ کریں گے۔
XS
SM
MD
LG