رسائی کے لنکس

یمن: القاعدہ کے ٹھکانوں پر دوسرے روز بھی بمباری


فائل
فائل

امریکی فوج کے جنگی طیاروں نے جمعے کو مسلسل دوسرے روز بھی یمن میں القاعدہ کے مشتبہ ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔

یمنی حکام اور عینی شاہدین کے مطابق حملے جمعے کو علی الصباح شبوۃ اور ابین صوبوں کے مختلف مقامات پر کیے گئے۔

یمنی حکام نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ شبوۃ کی وادی یشبام میں واقع القاعدہ کے ایک مقامی رہنما کا گھر بھی بمباری کا نشانہ بنا ہے۔

حملے کا نشانہ بننے والے علاقوں کے رہائشیوں نےفرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے گفتگو کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حملوں میں کئی عام شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکی حکام نے تاحال جمعے کو علی الصباح کیے جانے والے ان حملوں سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔

امریکی جنگی طیاروں نے جمعرات کو یمن کے مختلف مقامات پر20 سے زائد فضائی حملے کیے تھے جس میں حکام کے مطابق القاعدہ کے مبینہ ٹھکانوں اور اسلحے کے ذخیروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

امریکی حکام کا موقف ہے کہ القاعدہ کے جنگجووں نے یمن میں جاری خانہ جنگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خود کو مضبوط کرلیا ہے اور اپنے زیرِ قبضہ علاقوں کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG