رسائی کے لنکس

یمن: متحدہ عرب امارات کے 45 فوجی ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

حکام کے مطابق یہ فوجی اُس وقت ہلاک ہوئے جب حوثی باغیوں کی طرف سے داغا گیا ایک میزائل اسلحہ ڈپو پر آ کر گرا۔

سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں شیعہ حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لینے والے متحدہ عرب امارات کے 45 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے اُمور خارجہ انور قرگاش نے بتایا یہ فوجی اُس وقت ہلاک ہوئے جب باغیوں کی طرف سے داغا گیا ایک میزائل اسلحہ ڈپو پر آ کر گرا۔

اُنھوں نے اپنے سرکاری ٹوئٹیراکاؤنٹ پر بتایا کہ اس طرح کہ ’’بزدلانہ حملے سے ہمارے حوصلے کمزور نہیں ہوں گے۔‘‘

بتایا جاتا ہے کہ اس خلیجی ریاست کی 44 سالہ تاریخ میں فوجیوں کے لیے یہ سب سے مہلک دن تھا۔

حکومت کے حامی یمنی سکیورٹی عہدیداروں کے مطابق یہ میزائل دارالحکومت صنعا کے مشرق میں ماریب صوبے میں اسلحہ کے ایک ڈپو پر گرا۔

شیعہ حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا کہ اُنھوں نے یہ میزائل داغا۔

متحدہ عرب امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے ’ڈبلیو اے ایم‘ نے جمعہ کو ابتدائی طور پر کہا تھا کہ فوج کے 22 اہلکار ہلاک ہوئے تاہم بعد میں بتایا گیا کہ 23 دیگر زخمی فوجی بھی دم توڑ گئے۔

تاہم ہلاک ہونے والے فوجیوں کے بارے میں یہ نہیں بتایا گیا کہ جنگ میں اُن کا کردار کیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر دبئی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النہیان نے اپنے پیغامات میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں کارروائی جاری رکھے گا۔

XS
SM
MD
LG