رسائی کے لنکس

حوثی باغیوں کی گولہ باری سے عدن میں درجنوں ہلاک: یمنی حکام


فائل فوٹو
فائل فوٹو

باغی حالیہ مہینوں میں اس شہر کا قبضہ حاصل کرنے کے لیے بین الاقوامی حمایت یافتہ حکومت کی وفادار فورسز سے لڑائی میں مصروف ہیں۔

یمن کے دوسرے بڑے شہر عدن میں حکام کے مطابق حوثی باغیوں کی گولہ باری سے کم از کم 43 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہو گئے ہیں۔

باغی حالیہ مہینوں میں اس شہر کا قبضہ حاصل کرنے کے لیے بین الاقوامی حمایت یافتہ حکومت کی وفادار فورسز سے لڑائی میں مصروف ہیں۔

سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اور خلیجی اتحادیوں نے گزشتہ چار ماہ سے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فضائی کارروائیاں بھی شروع کر رکھی ہیں جب کہ صدر منصور ہادی بھی یمن سے عارضی طور پر سعودی عرب منتقل ہو چکے ہیں۔

باغیوں نے گزشتہ سال دارالحکومت صنعاء پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد سے ملک میں خانہ جنگی کی سی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔

اقوام متحدہ نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ مارچ سے لے کر اب تک یمن میں زمینی لڑائی اور فضائی کارروائیوں میں کم ازکم 1670 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

انتشار کے شکار عرب دنیا کے اس پسماندہ ترین ملک سے ہزاروں افراد نقل مکانی پر بھی مجبور ہو چکے ہیں۔

ساحلی شہر عدن ملک کی مرکزی بندرگاہ بھی ہے اور یہاں جاری لڑائی کے باعث اسے بہت نقصان پہنچ چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG