رسائی کے لنکس

یمن میں مغوی امریکی صحافی قتل، صدر اوباما کی مذمت


لیوک سومرز
لیوک سومرز

القاعدہ کے جنگجوؤں نے یمن کے دارالحکومت صنا سے یرغمال بنایا تھا اور ان کی رہائی کے لیے جمعہ کو کی گئی امریکی کمانڈوز کی کارروائی کے دوران شدت پسندوں نے لیوک کو قتل کر دیا۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے یمن میں مغوی امریکی شہری کے قتل کی مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ "امریکی عوام کی طرف سے میں لیوک کے خاندان اور ان کے پیاروں سے دلی افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔"

امریکی صحافی لیوک سومرز کو گزشتہ سال ستمبر میں القاعدہ کے جنگجوؤں نے یمن کے دارالحکومت صنعا سے یرغمال بنایا تھا اور ان کی رہائی کے لیے جمعہ کو کی گئی امریکی کمانڈوز کی کارروائی کے دوران شدت پسندوں نے لیوک کو قتل کر دیا۔

امریکی وزیردفاع چک ہیگل نے ہفتہ کو تصدیق کی کہ لیوک اور ایک دوسرے غیر امریکی مغوی کو القاعدہ کے عرب جنگجوؤں نے "قتل" کردیا۔

دوسرے مغوی کی شناخت جنوبی افریقہ کے پیری کورکیئی کے طور پر ہوئی ہے۔

ہیگل کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران متعدد دہشت گرد بھی مارے گئے۔

قبل ازیں 33 سالہ لیوک کی بہن لوسی سومرز نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ انھیں ہفتہ کو (رات بارہ بجے) امریکی تحقیقاتی ادارے "ایف بی آئی" کے ایجنٹس نے ان کے بھائی کی موت کی خبر دی۔

دہشت گرد تنظیم القاعدہ کی یمن شاخ کی طرف سے رواں ہفتے انٹرنیٹ پر ایک وڈیو جاری کی گئی تھی جس میں امریکہ کو تین روز میں ان کے مطالبات تسلیم کرنے کا کہتے ہوئے متنبہ کیا گیا تھا کہ بصورت دیگر لیوک سومرز کو قتل کر دیا جائے گا۔

شدت پسندوں کے مطالبات کیا تھے اس کی وضاحت وڈیو میں نہیں کی گئی۔

سومرز کو ستمبر 2013 میں یمن کے دارالحکومت صنعا سے اغوا کیا گیا تھا۔

لیوک کی ہلاکت کی خبریں منظر عام پر آنے سے چند گھنٹے قبل ہی یمن کے جنوب میں ایک مشتبہ امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ کے کم ازکم نو مبینہ شدت پسند مارے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق ہفتہ کو علی الصبح بغیر پائلٹ کے جاسوس طیارے سے یہ حملہ جنوبی صوبے شابوا میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر کیا گیا۔

اس بارے میں سرکاری طور پر تفصیلات یا بیان جاری نہیں کیا گیا لیکن ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس حملے اور ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

گزشتہ ماہ بھی اس صوبے میں ایسے ہی حملے میں چھ مشتبہ شدت پسند مارے گئے تھے۔

امریکہ القاعدہ کی یمن شاخ کو دنیا کا خطرناک ترین دہشت گرد گروہ سمجھتا ہے۔ اس کے شدت پسندوں نے امریکہ میں کئی ناکام حملوں کی کوشش کی تھی۔

XS
SM
MD
LG