رسائی کے لنکس

یمن: ڈرون حملے میں 13 مشتبہ جنگجو ہلاک


ہفتہ کو ڈرون طیارے سے ال بیاد کے علاقے میں مشتبہ شدت پسندوں کی دو گاڑیوں پر میزائل داغے گئے۔

یمن کے وسطی صوبے میں ایک فضائی حملے میں القاعدہ کے 13 مشتبہ شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

قبائلی ذرائع کے مطابق ڈرون طیارے کئی دنوں سے اس علاقے پر چکر لگا رہے تھے۔

خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ نے قبائلی ذرائع کے حوالے سے اپنی خبر میں کہا ہے کہ ہفتہ کو ڈرون طیارے سے ال بیاد کے علاقے میں مشتبہ شدت پسندوں کی دو گاڑیوں پر میزائل داغے گئے۔

یمن کی وزارت دفاع کی ویب سائیٹ نے کہا ہے کہ حملے میں کئی ’’دہشت گرد‘‘ مارے گئے ہیں۔

یمن میں اس سے قبل بھی القاعدہ کے جنگجوؤں کو ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، اس تنظیم کے جنگجو یمن کے اعلیٰ عہدیداروں پر مہلک حملے کرتے آئے ہیں۔

رواں ہفتے القاعدہ کے مشتبہ جنگجوؤں نے ال بیاد کے نائب گورنر کو اُس وقت ہلاک کر دیا تھا جب وہ اپنے گھر سے نکل رہے تھے۔

یمن کا یہ وسطی صوبہ تشدد کی کارروائیوں کا شکار رہا ہے، گزشتہ سال دسمبر میں ال بیاد ہی میں غلطی سے ڈرون سے شادی میں شرکت کرنے والوں کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جس سے 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
XS
SM
MD
LG