رسائی کے لنکس

یمن کے صدر کی اپنے ملک آمد


گزشتہ چند ماہ سے صدر ہادی کی حکومت کے ارکان عدن کے باہر ہی سے امور چلاتے آ رہے تھے لیکن صدر نے خود سعودی عرب میں ہی قیام کو ترجیح دی۔

یمن کے صدر عبد ربہ منصور ہادی منگل کو ایک بار پھر اپنے ملک واپس آئے ہیں جو کہ رواں سال کے اوائل میں حوثی باغیوں کی پش قدمی کے باعث یمن سے عارضی طور پر سعودی عرب منتقل ہونے کے بعد ان کا دوسرا دورہ ہے۔

صدر ہادی منگل کو ساحلی شہر عدن پہنچے۔ اس سے قبل ستمبر میں وہ مختصر وقت کے لیے یہاں آئے تھے۔

گزشتہ سال ستمبر میں شیعہ حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد وہ مزید پیش قدمی کرتے ہوئے دیگر علاقوں پر قابض ہوگئے۔

اس دوران ان کی مختلف قبائل کے ساتھ بھی لڑائی شروع ہو گئیں اور عرب دنیا کے اس پسماندہ ترین ملک میں خانہ جنگی شروع ہو گئی۔

حوثیوں نے رواں سال کے اوائل میں عدن پر قبضہ کر لیا تھا لیکن پھر سعودی عرب کی زیر قیادت اتحاد کی فضائی کارروائیوں کے باعث انھیں یہاں سے بے دخل ہونا پڑا۔

گزشتہ چند ماہ سے ہادی کی حکومت کے ارکان عدن کے باہر ہی سے امور چلاتے آرہے تھے لیکن صدر نے خود سعودی عرب میں ہی قیام کو ترجیح دی۔

اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق یمن میں جاری تنازع کے باعث اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ یہاں انسانی المیے کی سی صورتحال پیدا ہونے جا رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG